ایک سال بھی بیٹھنا پڑا توبیٹھیں گے ، نوازشریف سے استعفیٰ لیکر جائیں گے،عمران خان، تحریک انصاف کسی بھی حلقے میں دھاندلی کے ذریعے نہیں جیتی، کرپٹ نظام کو بچانے کیلئے پیپلزپارٹی مولانا فضل الرحمن لفٹ ونگ،رائٹ ونگ،سیکولر اور مذہبی تمام ڈاکو تحریک انصاف کے خلاف ایک ہوگئے ہیں مگر نیا پاکستان بنا کر رہیں گے،(ن) لیگ نے سستی روٹی کے نام پر بینکوں سے 25ارب کے قرض حاصل کئے،500ارب روپے سرکولر ڈیٹ پر ادا کرنے کے باوجود بجلی بھی مہنگی کردی گئی ہے اور سرکولر ڈیٹ پھر اتنا ہی ہوچکا ہے جبکہ آگے جاکر اس سے بھی بڑا ڈاکہ پڑنے والا ہے ، آزادی دھرنے کے شرکاء سے خطاب

بدھ 10 ستمبر 2014 07:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10ستمبر۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف کے چےئرمین عمران خان نے ڈیرہ اسماعیل خان سے تحریک انصاف کی کامیابی کو بڑی فتح قرار دیتے ہوئے جے یو آئی(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو حلقہ کھولنے کی پیشکش کردی ہے اور کہا ہے کہ تحریک انصاف کسی بھی حلقے میں دھاندلی کے ذریعے نہیں جیتی،کنٹینر میں 27روز گزر گئے ہیں اور اگر ایک سال بھی بیٹھنا پڑا توبیٹھیں گے مگر نوازشریف سے استعفیٰ لیکر جائیں گے،کرپٹ نظام کو بچانے کیلئے پیپلزپارٹی مولانا فضل الرحمن لفٹ ونگ،رائٹ ونگ،سیکولر اور مذہبی تمام ڈاکو تحریک انصاف کے خلاف ایک ہوگئے ہیں مگر نیا پاکستان بنا کر رہیں گے،(ن) لیگ نے سستی روٹی کے نام پر بینکوں سے 25ارب کے قرض حاصل کئے،500ارب روپے سرکولر ڈیٹ پر ادا کرنے کے باوجود بجلی بھی مہنگی کردی گئی ہے اور سرکولر ڈیٹ پھر اتنا ہی ہوچکا ہے جبکہ آگے جاکر اس سے بھی بڑا ڈاکہ پڑنے والا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزادی دھرنے کے 27ویں روز شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایک دھاندلی زدہ اور جھوٹے وزیراعظم کو ہٹائے بغیر کامیابی حاصل نہیں ہوسکتی،کوئی بھی قوم وژن کے بغیر مردہ ہوتی ہے اور جس قوم کے پاس نظریہ نہ ہو وہ کوئی قوم نہیں ہوتی،پاکستان کو علامہ اقبال کا پاکستان بنا کر رہیں گے اور مدینہ کی طرح اس کو بھی فلاحی ریاست بنائیں گے،جو چیز ناممکن لگتی ہے وہ آہستہ آہستہ ممکن ہوجاتی ہے،پاکستان میں انسانی جانوں کی کوئی قدر نہیں،یہاں ظلم وانصافی کا نظام ہے مگر اصل جمہوریتوں میں جانوروں کے بھی حقوق ہوتے ہیں،نوازشریف سے استعفیٰ لینے کیلئے پوری قوم کو سڑکوں پر آنا ہوگا۔

نیا پاکستان میثاق مدینہ کی طرز پر بنایا جائے گا جہاں انصاف کی نظر میں سب برابر ہوں گے اور حکمرانوں کا کڑا احتساب ہوگا،اقلیتوں کیخلاف ظلم کا خاتمہ کیا جائے گا،اس وقت بلوچستان اور اندرون سندھ میں غربت انتہا پر ہے جبکہ اقلیتوں کے ساتھ ظلم کے باعث تھرپارکر سے ہندو اپنا سب کچھ چھوڑ کر ہندوستان جارہے ہیں،اللہ تعالیٰ رب العالمین ہے رب المسلمین نہیں،ہمیں شرم آنی چاہئے کہ ہمارے ملک میں اقلیتوں کے ساتھ اتنا ظلم ہوتا ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ 2013ء میں این اے 73کے حلقے سے ثناء اللہ نامی آزاد امیدوار کو(ن) لیگ کے امیدوار کے مقابلے میں 96000کی بجائے4000ووٹ کم پڑے تھے،مگر 40گھنٹوں تک رزلٹ روکے رکھا اور بعد میں 23پریزائیڈنگ افسران کو بھی ڈپٹی کمشنر نے غائب کردیا اور اس کے بعد 13200ووٹ جعلی نکل آتے ہیں اور(ن) لیگ کا امیدوار جیت جاتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اسفندیارولی نے تحریک انصاف کے PK10پر اعتراض اٹھایا تھا مگر وہاں تحریک انصاف کے شاہ فرمان جیتے تھیجس پر تحریک انصاف نے اسی وقت حلقہ کھلوا کر دوبارہ گنتی کروائی اور دوبارہ بھی تحریک انصاف جیت گئی۔

وزیراعظم کا ساتھ دینے والے بھی کرپٹ،پرانے سیاستدان ،مولانا،پیپلزپارٹی،(ن) لیگ،اے این پی اور تمام ڈاکو ایک طرف ہیں اور تحریک انصاف ان کے مقابلے میں کھڑی ہے اور انہیں یقین ہے کہ اگر تحریک انصاف جیت گئی تو ان کی سیاست ہمیشہ کیلئے ختم ہوجائے گی۔عمران خان نے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ ان کے مقابلے میں 8000ووٹ سے جیتے ہیں تو وہ گزشتہ 10ماہ سے سٹے آرڈر کے پیچھے کیوں چھپ کرکے بیٹھے ہوئے ہیں،تحریک انصاف نے اشتہارات پر 100کروڑ روپے خرچ نہیں کئے مگر چیلنج کرتا ہوں کہ کرپشن کے خلاف ایسا مضبوط نظام خیبرپختونخوا میں لایا گیا ہے جو سارے صوبوں سے بہتر ہے اور انٹی کرپشن کے چیتے ضیاء اللہ طورو نے اب تک 302افسران کو کرپشن کے کیسز میں پکڑ کر 30کروڑ روپے ریکور کیا ہے،ہماری کوشش کے باوجود چوہدری نثار اور نوازشریف کیخلاف ایف آئی آر نہیں ہوئی لیکن یہ ایف آئی آر کروا کر رہیں گے مگر یہ معاملہ خیبرپختونخوا میں ہوتا تو اب تک آ ن لائن مقدمہ درج ہوجاتا۔

تحریک انصاف کے قائد کا کہنا تھا کہ اب تک صوبے میں کوئی بھی سیاسی بھرتی نہیں کی گئی جس کی وجہ سے پولیس میرٹ پر کام کر رہی ہے،15000ٹیچرز کو 100فیصد میرٹ پر بغیر کسی کوٹے اور سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر بھرتی کیا گیا اور اپنے بجٹ کا 28فیصد حصہ تعلیم پر خرچ کر رہے ہیں،اگر تھوڑا وقت اور مل گیا تو خیبرپختونخوا پورے پاکستان کو پیچھے چھوڑ دے گا،خیبرپختونخوا میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ کیلئے5کروڑ روپے کی گرانٹ رکھی ہے جو بہترین کارکردگی دکھانے والے ٹیچروں کو دئیے جائیں گے مگر غیر حاضررہنے والے ٹیچرز کو نوکریوں سے برطرف کیا جائے گا،1000طالبات کیلئے کمیونٹی سکول کھول دئیے گئے ہیں اور نئے بننے والے 70فیصد سکول طالبات کیلئے ہوں گے،صوبے میں50لاکھ لوگوں کو10روپے فی کلو آٹا اور40روپے فی کلو گھی دیا جارہا ہے جبکہ ہسپتالوں کے اندر شعبہ حادثات میں مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی جاتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت سستی روٹی سکیم پر25ارب روپے بینکوں سے قرضہ لیا تھا جس پر 400کروڑ روپے ان کی قسطوں کی ادائیگی پر سود ادا کیا گیا جبکہ لیپ ٹاپ 20ہزار روپے میں خرید کر38ہزار روپے میں دیا گیا اور1لاکھ 20ہزار لیپ ٹاپ پر 200ارب روپے شریف برادران نے اپنی جیب میں ڈالے ہیں،سستی روٹی کے نام پر بھی ایفی ڈرین عباسی نے اربوں روپے کی کرپشن کی ہے،شریف خاندان کو قوم کو اس اقتدار کے ذریعے مزید استحصال کا نشانہ بناتا رہے گا،اس لئے پورا ملک ان کیخلاف اٹھ کھڑا ہو۔