لاہور، مسجد کی چھت گرنے سے 24افراد جاں بحق، نشتر ٹاؤن میں واقع جامع مسجد حنیفہ نشتر ٹاوٴن میں نماز ظہر ادا کی جا رہی تھی کہ اچانک مسجد کا مینار چھت پر گر گیا ، جس سے مسجد کی پہلی اور دوسری منل منہدم ہو گئی

بدھ 10 ستمبر 2014 06:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10ستمبر۔2014ء)داروغہ والا میں جی ٹی روڈ پر مسجد کی چھت گرنے سے شہید ہونے والے نمازیوں کی تعداد 24 ہوگئی۔نجی ٹی وی کے مطابق لاہور کے علاقے داروغہ والا میں جی ٹی روڈ پر واقع جامع مسجد حنفیہ نشتر ٹاؤن میں نماز ظہر ادا کی جارہی تھی کہ مسجد کا مینار چھت پر گرگیا جس سے مسجد کی پہلی اور دوسری منزل منہدم ہوگئی، چھتیں گرنے سے امام مسجد سمیت 40 سے زائد نمازی ملبے تلے دب گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکاروں نے ہیوی مشنری اور مقامی افراد کی مدد سے زخمی لوگوں کو نکال کر طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کرنا شروع کردیا، ڈی سی او لاہور کے مطابق کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والے ریسکیو کے دوران ملبے سے 24 افراد کی لاشیں نکالی گئیں اور مزید کسی شخص کے ملبے تلے دبے ہونے کا امکان نہیں ہے جبکہ زخمی ہونے والے افراد کی حالت بھی خطرے سے باہر ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سیلاب متاثرہ علاقوں کے طوفانی دوروں کے بعد وزیراعلیٰ شہباز شریف جائے حادثہ پہنچے اور امدادی کارروائیوں کا خود جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین کیلئے 5، 5 لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔واضح رہے کہ لاہور میں گزشتہ روز موسلاھاربارشوں کے نتیجے میں مکانات کی چھتیں گرنے سے کئی افراد جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ کئی عمارتیں انتہائی مخدوش ہونے کی وجہ سے خطرناک بھی قرار دی جاچکی ہیں۔

متعلقہ عنوان :