این ڈی ایم اے نے حالیہ سیلاب سے تباہی اور امدادی کاموں سے متعلق رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کر دی ، اب تک سیلاب کی تباہ کاریوں میں اب تک 205افراد جاں بحق، 300 سے زائد زخمی ہوئے،1168 مکانات جزوی، 352مکانات مکمل تباہ ہو گئے ،رپورٹ

منگل 9 ستمبر 2014 06:39

اسلام آباد(آ ن لائن)قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے(این ڈی ایم اے)نے حالیہ سیلاب میں ہونے والی تباہی اور امدادی کاموں سے متعلق اپنی رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کر دی ہے جس میں بتایاگیا ہے کہ اب تک سیلاب کی تباہ کاریوں کے نتیجے میں 205افراد ہلاک اور 300زائد زخمی ہوئے۔سیلاب سے پنجاب میں 131افراد جاں بحق ،273افراد زخمی،1168مکانات جزوی جبکہ 352مکانات مکمل تباہ ہوئے اور 838گاوٴں متاثر ہوئے جہاں 12لاکھ 60ہزار ایکڑسے زیادہ رقبے پر موجود فصلیں بھی تباہ ہوئیں۔

سیلاب کے نتیجے میں کشمیر میں 120 گاوٴں کو نقصانات پہنچا اور 769 افراد بھی متاثرہوئے۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق پنجاب میں متاثرین کے لئے 10ہزارسے زائد ٹینٹ،26کشتیاں،100لائف جیکٹس دی گئیں ، وفاق کو 200سو ٹینٹ ،ایک ہزار کمبل،تین ربڑکی کشتیاں دی گئیں جبکہ سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو بھی امدادی کاموں کے لئے تین ہزار ٹینٹ،تین ہزار کمبل اور پندرہ سو پلاسٹک میٹ دیئے گئے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک 275ٹینٹ لگائے گئے ہیں۔

پیر کے روز این ڈی ایم اے کی طرف سے جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق حالیہ شدید طوفا نی با رشوں نے دریائے چناب اور جہلم کے علاقوں میں ہونے والی تباہ کارئیوں کے ساتھ ساتھ آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان میں انسانی جانوں اور املاک کو بھی نقصان پہنچایا ہے اور وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف نے نیشنل ڈ یزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ صوبائی انتظامیہ سے رابطے میں رہیں تاکہ سیلاب متاثرین کی بروقت امداد کو یقینی بنایا جائے۔

این ڈی ایم اے نے پاکستان آرمی ، دوسرے اداروں اور ضلعی انتظا میہ کے تعاون سے فضائی امدادی کارروائی کے لئے ہیلی کا پٹر مہیا کئے ۔ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق موسم کی صورت حال اور دریاوں کے بہاو کے بغور جائزہ لینے کے لئے محکمہ موسمیات، فیڈرل فلڈ کمیشن، ارسا ، صوبائی ڈیزاسٹر م مینجمنٹ اٹھارٹی پنجاب او ر سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی آزاد جموں اینڈ کشمیر سے مسلسل رابطے میں ہے ۔

متعلقہ عنوان :