تحریک انصاف اورحکو مت کا مذاکراتی عمل جاری رکھنے کا فیصلہ،آج یاکل مذاکرات کاعمل مکمل ہونے کے بعدقوم کوخوشخبری دیں گے ،مذاکراتی کمیٹیاں،دھرنوں کی وجہ سے معیشت کوجونقصان پہنچ رہاہے اس پرافسو س اور ادراک ہے ، وسیع ترقومی مفادمیں مذاکرات سے مسئلے کوجلد حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں ،شاہ محمود،موڈیزکی طرف سے معاشی ریٹنگ منفی کرنے کا عندیہ دیدیا گیا ہے ، حکومت کی پوری کوشش ہے سٹاک ایکسچینج ،روپے کی قدراورمعیشت مستحکم رہے ،جس کیلئے جلدہی کسی نقطے پرپہنچ جائیں گے،اسحاق ڈار

پیر 8 ستمبر 2014 07:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8ستمبر۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف اورحکومتی مذاکراتی کمیٹیوں نے مذاکراتی عمل جاری رکھنے کافیصلہ کرتے ہوئے کہاہے کہ آج یاکل مذاکرات کاعمل مکمل ہونے کے بعدقوم کوخوشخبری دیں گے ،جبکہ تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمودقریشی نے کہاہے کہ دھرنوں کی وجہ سے معیشت کوجونقصان پہنچ رہاہے اس پرافسو س ہے اورہمیں ادراک ہے کہ روپے کی قیمت گررہی ہے ،اورمعیشت پرمنفی اثرات پڑرہے ہیں ،اسی لئے وسیع ترقومی مفادمیں مذاکراتی عمل کے ذریعے اس مسئلے کوجلدازجلدحل کرنے کی کوشش کررہے ہیں ، جبکہ وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈارنے موڈیزکی طرف سے پاکستان کی معاشی ریٹنگ دوبارہ مثبت سے منفی کرنے کے عندیئے کی تصدیق کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ بات درست ہے تاہم حکومت کی پوری کوشش ہے کہ سٹاک ایکسچینج ،روپے کی قدراورمعیشت مستحکم رہے ،جس کیلئے جلدہی کسی نقطے پرپہنچ جائیں گے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہارانہوں نے اتوارکی شام تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹی کے ساتھ جہانگیرترین کی رہائش گاہ پرمذاکرات کے بعدمیڈیاکے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پرسوالات کے جوابات دیتے ہوئے شاہ محمودقریشی کاکہناتھاکہ مطالبات میں کافی حدتک پیشرفت ہوئی ہے اورجلدہی کسی حتمی حل پرپہنچ جائیں گے۔ایک سوال کے جواب میں حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ایک رکن کاکہناتھاکہ پانچ نہیں ساڑھے پانچ مطالبات پراتفاق ہوچکاہے جبکہ اسحاق ڈارکاکہناتھاکہ مذاکراتی عمل کوتیزی سے آگے بڑھارہے ہیں تاکہ معیشت کوہونے والے نقصانات کاازالہ اوراس عرصے کے دوران تعطل کاشکارہونے والے امورکوجلدازجلدسرانجام دیاجاسکے ۔

ان کاکہناتھاکہ یہ بات درست ہے کہ اس عرصے کے دوران معیشت کوناقابل تلافی نقصان پہنچاہے اورروپے کی قدرمیں چودہ ماہ کی محنت کے بعدجواستحکام پیداہواتھاوہ اب نہیں رہااورروپے کی قدرتیزی سے ساتھ گری ہے ،جبکہ سٹاک ایکسچینج آف پاکستان میں بھی چارسوارب سے زائدکانقصان ہواہے ۔اس موقع پرایک سوال کاجواب دیتے ہوئے تحریک انصاف کے مرکزی رہنماشاہ محمودقریشی کاکہناتھاکہ انہیں معیشت کوہونے والے نقصان کامکمل ادراک ہے کیونکہ یہ کسی ایک جماعت کانہیں ہمارے ملک کانقصان ہے اوراس کیلئے ہم سرتوڑکوشش کررہے ہیں کہ معاملات کوجلدازجلدافہام وتفہیم کے ساتھ حل کیاجائے اورکسی منطقی انجام کی جانب بڑھاجائے ۔