تحریک انصاف کے استعفیٰ نہ دینے والے ارکان قومی اسمبلی کی تعداد5ہو گئی

اتوار 7 ستمبر 2014 08:31

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7ستمبر۔2014ء)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے فیصلے پر استعفیٰ نہ دینے والے ارکان قومی اسمبلی کی تعداد 3سے بڑھ کر 5 ہو گئی ۔ جنہوں نے آرٹیکل65سے بچنے کیلئے قانونی ماہرین کی خدمت بھی حاصل کر لی ہے۔ استعفیٰ نہ دینے والے ایک رکن قومی اسمبلی کے قریبی ذرائع نے اُردو پوائنٹ کو بتایا کہ پشاور کے حلقہ این اے4کے رکن اسمبلی گلزار خان نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے بعدسپیکر قومی اسمبلی کو علیحدہ اسمبلی نشستوں کی درخواست بھی دی ۔

ذرائع کا یہ بھی کہناہے کہ 3ارکان کو آرٹیکل65کی صورت میں حکمران جماعت مسلم لیگ ن اور اس کی اتحادی جماعتوں کی حمایت حاصل ہو گی اور وہ آزاد حیثیت سے ضمنی انتخاب لڑیں گے اور جیتنے کی صورت میں مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کریں گے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے جب تحریک انصاف کے رکن اسمبلی گلزار خان سے اُردو پوائنٹ نے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ اسمبلی میں علیحدہ نشستوں کی درخواست نہیں دی لیکن اپنی نشستیں علیحدہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

جبکہ استعفیٰ نہ دینے والے ارکان اسمبلی کے تعدادکے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ میرے ساتھ ناصر خٹک، مسرت بیگ، خیال زمان، قیصر جمال شامل ہیں، ان کے علاوہ کئی اور ارکان اسمبلی ہیں جو استعفے نہیں دینا چاہتے انہوں نے عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور کور کمیٹی کے غلط فیصلے نے پارٹی کو تباہی سے دوچار کیا ۔