چوہدری نثار کا اعتزاز احسن کے الزامات سے درگزر کرنے کا اعلان، ان الزامات کو ایف آئی آر قرار دیتے ہوئے کسی بھی جج سے تحقیقات کی پیش کش کردی ، ناقدین کو کھلے دل سے پیشکش کر تاہوں الزامات کے حوالے سے یک رکنی ، دو رکنی یا سہ رکنی عدالتی کمیشن یا ٹربیونل اپنی مرضی کا بنائیں جہاں دونوں فریقین اپنے آپ کو پیش کریں اوراس کے بعد اگر مجھ پر ایک فیصد بھی الزام ثابت ہوگیا تو صرف وزارت سے ہی نہیں سیاست سے بھی کنارہ کشی اختیار کرلونگا ، ہمیشہ سیاست عزت کیلئے کی ہے،پاکستان کی دولت کی اپنی ذاتی دولت سے بڑھ کر حفاظت کی ہے ، نواز شریف اور شہباز شریف کا منہ پر سب سے بڑا نقاد اور پیٹھ پیچھے سب سے بڑا محافظ و سپورٹر ہوں ، میرے بھائی کا سیاست سے دور تک کا بھی واسطہ نہیں تھا انہوں نے فوج میں اور باہر بھی مجھ سے زیادہ عزت کمائی ،وفاقی وزیر داخلہ کی پریس کانفرنس

اتوار 7 ستمبر 2014 08:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7ستمبر۔2014ء)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر اعتزاز احسن کے اپنی ذات اور خاندان پر الزامات سے درگزر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ان الزامات کو ایف آئی آر قرار دیتے ہوئے کسی بھی جج سے تحقیقات کی پیش کش کردی ہے اور کہا ہے کہ وہ اپنے اوپر ہونے والی تنقید اور الزامات کو ملک کے وسیع تر مفاد اور جمہوری نظام کے استحکام کی خاطر درگزر کرتے ہیں ، تاہم وہ اپنے ناقدین کو کھلے دل سے پیشکش کرتے ہیں کہ ان پر لگائے جانے والے الزامات کے حوالے سے یک رکنی ، دو رکنی یا سہ رکنی عدالتی کمیشن یا ٹربیونل اپنی مرضی کا بنائیں جہاں دونوں فریقین اپنے آپ کو پیش کریں اوراس کے بعد اگر مجھ پر ایک فیصد بھی الزام ثابت ہوگیا تو صرف وزارت سے ہی نہیں سیاست سے بھی کنارہ کشی اختیار کرلونگا ، ہمیشہ سیاست عزت کیلئے کی ہے اور پاکستان کی دولت کی اپنی ذاتی دولت سے بڑھ کر حفاظت کی ہے ، ایمان ہے کہ عزت اور ذلت اللہ کے ہاتھ میں ہے ، میاں نواز شریف اور شہباز شریف کا منہ پر سب سے بڑا نقاد اور پیٹھ پیچھے سب سے بڑا محافظ و سپورٹر ہوں ،30برس سے سیاست میں ہوں اور پاکستان کی تاریخ میں مسلسل آٹھ مرتبہ رکن قومی اسمبلی ، مسلسل چھ مرتبہ وفاقی وزیر اور پانچ مرتبہ ممبر صوبائی اسمبلی اور ایک مرتبہ اپوزیشن لیڈر بھی رہا ہوں ،مگر کوئی مجھ پر ایک پیسے کی کرپشن ثابت نہیں کرسکتا ، میرے بھائی کا سیاست سے دور تک کا بھی واسطہ نہیں تھا انہوں نے فوج میں اور باہر بھی مجھ سے زیادہ عزت کمائی ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار وزیرداخلہ چوہدری نثار نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ وہ سیاست صرف اور صرف عزت کیلئے کرتے ہیں اور پورے پاکستان بھر کی عوام و سیاسی قیادت ان سے اعتماد اور محبت کرتے ہیں ۔ گزشتہ تیس برس کے دوران سیاست کے اندر صرف اور صرف عزت کمائی ہے اور میرا ایمان ہے عزت اور ذلت اللہ پاک کے ہاتھ میں ہے مگر اپنے اوپر ہونے والی تنقید اور الزامات کا جواب ایوان میں دینا چاہتا تھا لیکن پارٹی قیادت وزیراعظم اور سیاسی رفقاء نے منع کردیا جس کے بعد پریس کانفرنس کرکے الزامات کا جواب دینا میرا حق تھا مگر ایوان کی اس تقریر کے بعد مسلسل تیس گھنٹے تک پارٹی قیادت ، اراکین اسمبلی اور پاکستان بھر سے لوگوں نے ان سے رابطہ کیا اور پاکستان کے طول وعرض سے رابطہ کرنے والوں نے ایک ہی درخواست کی کہ میں اس وقت اس معاملے پر درگزر کا مظاہرہ کروں اور گزشتہ تیس گھنٹے سے اسی کرب میں گزار دیئے ۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف سے ملاقات کے دوران بھی انہیں اپنی لیڈر کی طرف سے یہ ہدایت ، گزارش اور منت بھی کی گئی کہ میں پریس کانفرنس نہ کروں مگر میری تشفیع نہیں ہوسکتی پہلے بھی کئی مرتبہ کہا ہے کہ میں کسی کا قرض نہیں چھوڑتا ۔پاکستان کے وسیع تر مفاد پاکستان میں جمہوریت کا مستقبل اور اس نظام کی مضبوطی کی خاطر اور اپنی عزت نفس پر ہونے والے حملوں کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھنے کے باوجود میں درگزر کرتا ہوں مجھے یہ بھی تجویز دی گئی کہ ابھی معاملات کو افہام وتفہیم کے ساتھ چلنے دیا جائے اور یہ حق کسی اور مناسب وقت کیلئے رکھ دیا جائے مگر میری نظر میں یہ سیاست نہیں منافقت ہوگی جب میں نے درگزر کیا تو درگزر کا مطلب درگزر ہے مگر میرا تعلق راولپنڈی کے ایک نواحی علاقے چونترہ سے ہے پرانے زمانے سے اس علاقے کے رسم و رواج دیکھتا آیا ہوں جاں سے دشمنیاں اور مخالفتیں کئی کئی اور نسل در نسل چلتی ہیں مگر ایسا کبھی نہیں ہوا کہ کوئی شخص اس دنیا سے رخصت ہوگیا ہو اور اس کے باوجود اس طرح کا طرز عمل اختیار کیا گیا ہو اس علاقے میں بھی کسی شخص کے دنیا سے رخصت ہونے کے بعد بڑے سے بڑے اختلافات کو بھلا دیا جاتا ہے مجھے ذاتی طور پر اپنے اوپر ہونے والی تنقید اور الزامات کا اتنا دکھ یا افسوس نہیں مگر میرے بھائی کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں انہوں نے سیاست سے باہر رہ کر فوج میں بہت نام کمایا اور عزت بنائی اور اللہ نے انہیں مجھ سے زیادہ عزت دی ۔

میں جو کچھ بھی ہوں ایک عام انسان ہوں عقل قل نہیں ہوں اور مجھے اللہ پاک کی ذات نے اس ساری عزت سے نوازا ہے مجھ سے کئی زیادہ پڑھے لکھے لوگ آج بھی سڑکوں پر ہیں میں کسی نعمت کا شکریہ ادا نہیں کرسکتا ۔

ان کا کہنا تھا کہ اس پریس کانفرنس کے ذریعے ان کی تشفیع نہیں ہوسکتی انہیں پارٹی قیادت کی طرف سے جو کچھ کہا وہ ایک طرف اور پوری دنیا جانتی ہے کہ میں میاں نواز شریف اور شہباز شریف کے منہ پر ان کا سب سے بڑا نقاد ہوں مگر پیٹھ پیچھے ان کا سب سے بڑا سپورٹر اور محافظ ہوں اس پارٹی میں مجھے تیس برس سے زیادہ ہوچکے ہیں جہاں اس عرصے کے تمام اتار چڑھاؤں پر کئی کتابیں لکھ سکتا ہوں ، اس عرصے کے دوران انہیں پارٹی سے الگ کرنے کی بہت کوششیں بھی کی گئیں مگر ایک بار پھر وہی کہوں گا یہ عزت اور ذلت اللہ کے ہاتھ میں ہے ۔

چوہدری نثار علی خان نے اپنی پریس کانفرنس کے ذریعے یہ پیشکش کی ہے کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران اپوزیشن کی طرف سے ان پر لگائے جانے والے الزامات کے حوالے سے وہ کسی بھی ریٹائرڈ جج جو کہ اپوزیشن کی مرضی کا ہو کسی سربراہی میں یک رکنی ، دو رکنی یا سہ رکنی کمیشن یا ٹربیونل بنانے کیلئے تیار ہیں اوراس کمیشن میں وہ اپنے آپ پر لگنے والے الزامات کے حوالے سے خود کو پیش کرینگے جبکہ ان کے بھائی پر لگنے والے الزامات کا جواب خود فوج دے سکتی ہے اور دوسرا فریق اپنے آپ کو پیش کرے اگر اس کمیشن کی تحقیقات کے بعد ایک فیصد بھی الزامات ثابت ہوجائیں تو وہ نہ صرف وزارت بلکہ سیاست کو ہی خیر باد کہہ دینگے ۔