سراج الحق،خورشید شاہ کاملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ، سیاسی جرگہ مظاہرین کو مذاکرات کی میز پر لانے کیلئے سخت کوششیں کر رہا ہے ،سراج الحق، توقع ہے سیاسی جماعتیں اپنے مثبت کردار سے بحران کو جلد حل کرائیں گی ،خورشید شاہ

ہفتہ 6 ستمبر 2014 08:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6ستمبر۔2014ء) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کی قیادت میں سیاسی جرگہ نے جمعرات کو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ سے قومی اسمبلی میں ان کی سرکاری رہائشگاہ پر ملاقات کی جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خورشید شاہ نے اس توقع کا اظہار کیا کہ سیاسی جماعتیں حکومت، تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے مابین سیاسی تناؤ کے خاتمہ کیلئے اپنے مثبت کردار سے بحران کو جلد حل کرائیں گی۔

سراج الحق نے کہا کہ سیاسی جرگہ مظاہرین کو مذاکرات کی میز پر لانے کیلئے سخت کوششیں کر رہا ہے تاکہ مسائل کو جلد از جلد حل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر دونوں پارٹیاں رضامند ہوئی تو سیاسی جرگہ ضامن بننے کیلئے تیار ہے۔