قدرتی آفات کے باعث آزادی وانقلاب مارچ کے دھرنے فی الفور ملتوی کردیئے جائیں ، الطاف حسین کی دردمندانہ اپیل

ہفتہ 6 ستمبر 2014 08:49

لندن( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6ستمبر۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ بسااوقات انسان کو اپنے ذاتی، گروہی، خاندانی ، قبائلی ، علاقائی اور اپنی اپنی پارٹی کے مفادات سے بالاتر ہوکر ملک کی سلامتی وبقاء اور ملک کے عوام کے اجتماعی مفادات کیلئے ایسے کٹھن ، مشکل اور کڑوے فیصلے کرنے پڑتے ہیں جو عام طو رپر انسان فطرتاً کرنے سے گریز کرتا ہے ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ملک کا ہر ذی شعور پاکستانی اور بچہ بچہ جانتا ہے کہ آج ایک طرف پورا ملک شدید طوفانی بارشوں کا سامنا کررہا ہے تو دوسری طرف جگہ جگہ سیلابی ریلوں کا شکار بھی ہورہا ہے ۔ پرانے اورکمزور مکانات سیلابی ریلوں کی وجہ سے ریت کی طرح بہہ کر صفحہ ہستی سے مٹتے جارہے ہیں ،اس طرح دوسری طرف اہم عمارتیں بھی سیلابی ریلوں کا نشانہ بن رہی ہیں اور تیسری طرف قیمتی انسانی جانیں جن میں معصوم بچے اور بچیوں کی اکثریت اموات کا سلسلہ جاری ہے جس میں ہرگزرتے منٹ کے ساتھ ساتھ اضافہ ہورہا ہے ۔

(جاری ہے)

الطاف حسین نے کہاکہ ایسی گھمبیر ، خوفناک اور قدرتی آفت کا ایک یا چند افراد سامنا نہیں کرسکتے ، اس کیلئے ضروری ہے کہ پوری قوم تمام تر سیاسی ، نظریاتی اور ہرقسم کے اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ایک صفحہ پر جمع ہوجائیں اور ذاتی مفادات پر اجتماعی مفادات کو ترجیح دیکر سیلاب زدگان کی امداد کریں ، ان کی آباد کاری کا بندوبست کریں اورمتاثرین کی جان ومال کے تحفظ کیلئے سائنسی طریقے اختیارکر کے اجتماعی جدوجہد کریں۔

الطاف حسین نے کہاکہ میں اسلام آباد میں آزادی اور انقلاب مارچ کے شرکاء اور ان کے رہنماوٴں سے دردمندانہ اپیل کرتا ہوں کہ خداراوہ فی الفور اپنے احتجاجی دھرنے عارضی طور پر ملتوی کرنے کے اعلانات کریں، معاملات جہاں تک پہنچے ہیں وہیں پر روک کرامدادی سرگرمیوں میں مصروف ہوجائیں اورطوفانی بارشیں اور سیلابی ریلے تھم جانے کے بعد اپنے احتجاجی دھرنوں کا وہیں سے دوبارہ آغاز کردیں جہاں آج وہ چھوڑنے کا اعلان کریں گے ۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں سے متاثرہ ایک ایک فرد اللہ تعالیٰ کے بعد مدد کیلئے اپنے اطراف دیگر پاکستانیوں کو بھی تلاش کررہا ہے کہ کوئی آئے اور ان کی جان بچانے کیلئے سیلابی ریلوں میں جہاں جہاں وہ پھنسے ہوئے ہیں وہاں سے کوئی آکر انہیں باہر نکالے ۔

الطاف حسین نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ خیرسگالی کے طور پر گزشتہ دنوں گرفتار کئے جانے والے کارکنوں ورہنماوٴں کورہاکرنے کا اعلان کرکے ایک اچھی پیش رفت کاآغاز کرے۔

دریں اثناء انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ تمام تر دیگر امور سے توجہ ہٹاکراپنی توجہ سیلاب زدگان کی بحالی اورانسانی جانوں کے تحفظ پر مرکوز کرے اور اس سلسلے میں ہرممکنہ اقدامات بروئے کار لائے ۔ الطاف حسین نے کہاکہ ایک ایک پاکستانی اس بات کو بھی نوٹ کرلے کہ مسلح افواج ہی وہ واحد ادارہ ہے کہ جس کے افسران اور جوان ملک کے چپے چپے میں پھیل کر سیلاب زدگان کی ہرممکنہ مدد کررہے ہیں اور شہریوں کی جانیں بچانے کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سیلاب اور طوفانی بارشوں کے باعث جاں بحق ہونے والے افراد کی مغفرت فرمائے اور مرحومین کے سوگوار لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے ۔ الطاف حسین نے کہاکہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو طوفانی بارشوں اورسیلاب سے نجات دلائے اورپاکستان کا حامی وناصر ہو۔