اسلام آباد کا موسم ٹھنڈا مگر جذبات گرم ہیں جذبات کو موسم کے مطابق کرنا چاہتے ہیں ،سراج الحق ، قوم کو وہ چیزیں دیں گے جو سب کیلئے قابل قبول ہو، ہماری تجاویز قبول نہ کی گئیں تو معاملہ عوامی عدالت میں لے جائیں گے، اسلام آباد کو جلد خالی ہونا چاہیے، رحمن ملک کی اپوزیشن جرگہ کی تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 6 ستمبر 2014 08:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6ستمبر۔2014ء) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اسلام آباد کا موسم ٹھنڈا مگر جذبات گرم ہیں جذبات کو موسم کے مطابق کرنا چاہتے ہیں جبکہ پاکستان پیپلزپا ٹی کے رہنماء رحمن ملک نے کہا کہ قوم کو وہ چیزیں دیں گے جو سب کیلئے قابل قبول ہو ، ہماری تجاویز قبول نہ کی گئیں تو معاملہ عوامی عدالت میں لے جائیں گے اسلام آباد کو جلد خالی ہونا چاہیے اپوزیشن جرگہ کی تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ اسلام آباد کا موسم ٹھنڈا مگر جذبات گرم ہیں اور ہم کوشش کررہے ہیں کہ جذبات بھی موسم کی طرح ہوجائیں انہوں نے کہا کہ بدقسمتی نہ رہی اور لوگ انا کے بحران سے نکل گئے تو بحران کا خاتمہ یقینی ہے ابھی تک کسی بھی فریق نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ نہیں کیا جبکہ سینیٹر رحمن ملک نے کہا کہ چینی صدر کا دورہ پاکستان ملتوی ہونا افسوسناک ہے جس کی ذمہ دار حکومت بھی ہے انہوں نے کہا کہ ہم نے محنت کرکے مذاکرات میں ڈیڈ لاک ختم کیا جرگے کی کوشش سے مذاکرات شروع ہوئے پارلیمنٹ کا احاطہ بھی ہم نے خالی کرایا انہوں نے کہا کہ اس وقت آصف علی زرداری کی مفاہمتی پالیسی کی ضرورت ہے اس پالیسی پر بیس فیصد بھی عمل کیا گیا تو مسائل حل ہوجائیں گے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو خالی ہونا چاہیے ہم قوم کو وہ چیز دیں گے جو سب کیلئے قابل قبول ہو اگر ہماری چیز قبول نہ کی گئی تو معاملہ عوامی عدالت کے سپرد کردیں گے اور عوام فیصلہ کرے گی کہ جرگہ کا موقف ٹھیک ہے کہ نہیں ہے۔