قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی امور خارجہ کا اجلاس،دھرنے کی صورتحال اور چینی صدر کا دورہ ملتوی ہونے پر شدید تشویش کا اظہار، ملک کو ناقابل تلافی نقصان نہیں پہنچنے دیں گے، چین کے صدر کا دورہ پاکستان ری شیڈول کیا جائے گا،سرتاج عزیز

ہفتہ 6 ستمبر 2014 08:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6ستمبر۔2014ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کا اجلاس اویس لغاری کے زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں دھرنے کی صورتحال اور چینی صدر کے دورہ پاکستان کے ملتوی ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ کمیٹی کا کہنا تھا کہ دفتر خارجہ دھرنے کے باعث سفارتی تعلقات کے متاثر ہونے سے متعلق رپورٹ پیش کرے جبکہ حکومت تحریک انصاف اور عوامی تحریک جلد از جلد اپنے مسائل حل کریں۔

(جاری ہے)

کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ ملک کو ناقابل تلافی نقصان نہیں پہنچنے دیں گے۔ چین کے صدر کا دورہ پاکستان ملتوی ہوا ہے جسے ری شیڈول کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم چین کی حکومت کیساتھ رابطے میں ہیں۔ چین نے بھی یقین دہانی کرائی ہے کہ صدر جلد از جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ چین کے وزیر خارجہ کے ساتھ گیارہ ستمبر کو ایس سی او کانفرنس میں ملاقات ہوگی جس میں چینی صدر کا دورہ ری شیڈول کرنے پر بات چیت ہو گی۔ انہوں نے بتایا کہ چین کے صدر کے دورہ پاکستان کے دوران 35 ارب ڈالر کے معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔ کمیٹی نے سری لنکا اور مالدیپ کے صدور کا دورہ پاکستان بھی ری شیڈول کرنے کی درخواست کی۔