وزیراعظم کو کمزور نہیں کرنا چاہتے، وزیراعظم کی کمزوری جمہوریت کی کمزوری ہوگی ،خورشید شاہ ،وزیراعظم کی کی صفوں میں پورس کے ہاتھی ہیں جوحکومت میں بیٹھ کر سازشیں کررہے ہیں، اعتزاز احسن پر لگائے گئے الزامات کی پر زور مذمت کرتے ہیں، چودھری نثار ایوان میں آکر معافی مانگیں،جمہوریت کا پاس رکھنے کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اظہار خیال

ہفتہ 6 ستمبر 2014 08:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6ستمبر۔2014ء)قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کو کمزور نہیں کرنا چاہتے، وزیراعظم کی کمزوری جمہوریت کی کمزوری ہوگی، اعتزاز احسن پر لگائے گئے الزامات کی پر زور مذمت کرتے ہیں، لوگ ایوان سے اچھی خبر چاہتے تھے، لیکن میاں صاحب! آپ کے سینئر وزیر نے اچھی خبر نہیں دی۔پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سید خورشید شاہ نے کہا کہ آپ کے وزیر نے ہمیں کڑے امتحان میں ڈال دیا ہے ، خورشید شاہ نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی صفوں میں پورس کے ہاتھی ہیں ،حکومت میں بیٹھ کر سازشیں کررہے ہیں اور اپنی باری کا انتظار کررہے ہیں۔

خورشید شاہ نے کہا کہ مخالفین مر گئے تھے، انہیں نئی طاقت بخشی گئی ہے۔

(جاری ہے)

خورشید شاہ نے مطالبہ کیا کہ چودھری نثار آئیں اور آکر اس ایوان سے معافی مانگیں، ایک شخص نے اس ایوان کو پریشانی میں مبتلا کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا پاس رکھنے کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، یہ سارا ایوان ایک ہو کر وزیراعظم کے ساتھ کھڑا تھا تو اسے تقسیم کرنے کی سازش شروع کر دی گئی۔

خورشید شاہ نے کہا کہ وزیراعظم آپ کے اعتماد کو جس طرح چوہدری نثار نے چھرا مارا،اس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ صورتحال سے نمٹنے کیلئے متحد ہے،سیاستدان کے صبر کے سامنے پہاڑ بھی کم زور نظر آنا چاہئے،ماضی میں حزب اختلاف نے ہمیشہ حکومت پر آئے برے وقت کا فائدہ اٹھایا ہے،اس بار تمام سیاستدانوں نے مل کر جمہوریت کیخلاف سازش ناکام بنادی۔

خورشید شاہ نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ سازش ہوتی ہے تو پہلے بازو کاٹے جاتے ہیں اور ساتھ دینے والے ساتھیوں کو ہٹایا جاتا ہے۔خورشید شاہ نے کہا کہ میاں صاحب،پاکستان کی اپوزیشن نے آپ کو آئیکون بنادیا ہے۔انہوں نے کہا کہاپوزیشن چیمبرمیں بیٹھی تھی، وہاں بھی بدتمیزی کرنیکی کوشش کی، ایسی باتیں کرنے والا آپ کی پارٹی کا نہیں ہوسکتا۔ اس موقع پر اپوزیشن اراکین نے وزیر داخلہ کے خلاف شیم شیم کے نعرے لگائے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ ہمیں جمہوریت کا پاس رکھنا ہیلیکن اسے ہماری کمزوری نہ سمجھاجائے،ہم آپ کی سیاسی مجبوری سے فائدہ نہیں اٹھانا چاہتے ، یہ اعتزاز احسن کا مسئلہ نہیں ہے ، اپوزیشن کا مسئلہ ہے ،اس ایوان کے ایک ایک ممبر کے دل میں دکھ ہے اور مولانا فضل الرحمان بھی بہت پریشان تھے۔