متحدہ قومی موومنٹ موجودہ حالات میں استعفٰے نہ دیں، رحمان ملک،الطاف حسین ایک بڑے سیاسی لیڈرہیں ان کا بڑا سیاسی ویژن ہے امید کرتا ہوں کہ وہ میری بات پر غور کرتے ہوئے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں گے،صحافیوں سے گفتگو

جمعہ 5 ستمبر 2014 08:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5ستمبر۔2014ء)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور سینٹر رحمان ملک نے متحدہ قومی موومنٹ سے درخواست کی ہے کہ وہ موجودہ حالات میں استعفٰے نہ دیں۔ان خیالات کا ا ظہارانہوں نے جمعرات کوکراچی کے مقامی ہوٹل میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا۔ رحمان ملک نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ سے درخواست ہے کہ موجودہ حالات میں استعفٰے نہ دیں۔

الطاف حسین ایک بڑے سیاسی لیڈرہیں ان کا بڑا سیاسی ویژن ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ وہ میری بات پر غور کرتے ہوئے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری سیا سی بحران بہت جلد ختم ہونے والا ہے اور اس حوالے سے دو سے تین دن میں بڑی کامیابیاں ملیں گی۔صحافیوں کے پوچھے گئے سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت ،پاکستان تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے درمیان ہونے والے مذاکرات ناکام نہیں ہوئے ہیں دو سے تین روز میں کئی دنوں سے جاری ڈیڈ لاک بھی ختم ہوجائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کی تمام بڑی سیاسی جماعتیں اس بات کیلئے کوشاں ہیں کے ملک میں جمہوریت کو بچایا جائے اور اس سلسلے میں تمام جماعتیں اپنا اپنا کردار ادا کر رہی ہیں جو انتہائی خوش آئند بات ہے ۔اپوزیشن جرگے کی وجہ سے کئی روز کا ڈیڈ لاک ختم ہوا، دو تین روز میں کامیابیاں ملیں گی۔ سیاسی جرگے کا ہر رکن بھرپور محنت کررہا ہے۔ سڑکوں پر جاری سیاست کو ختم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایم کیو ایم کے استعفوں سے سیاسی بحران میں مزید اضافہ ہوگا۔کفن پوش سیاست کو کوئی پسند نہیں کرے گا دنیا ترقی کرکے کہاں پہنچ گئی ہم دوسڑکوں پر اٹکے ہوئے ہیں اپوزیشن جرگے کی وجہ کئی روز سے جاری ڈیڈ لاک ختم ہوا۔