سیاسی بحران کے حل کیلئے گرینڈجرگہ اختتام پذیر،مذاکرات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے ،بات چیت جاری رکھنے پراتفاق ہواہے ،احسن اقبال ،سب سے بڑی خوشخبری یہ ہے کہ ڈیڈلاک ختم ہوا،آج بات چیت کاایک اوردورہوگا،امیدہے کہ اچھی خبرملے گی،رحمن ملک ،عوامی تحریک معاملے کوبات چیت کے ذریعے حل کرنے کیلئے سنجیدہ ہے ،رحیق عباسی ،تحریک انصاف اورحکومت کے درمیان بھی ڈیڈلاک ختم ہونے کے بعدمذاکرات کاایک اوردوربے نتیجہ ختم ،آج کوئی نتیجہ نکل سکتاہے ،عارف علوی

جمعرات 4 ستمبر 2014 08:18

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4ستمبر۔2014ء) سیاسی بحران کے حل کیلئے اپوزیشن ،حکومت اوراحتجاجی دھرنے میں شریک جماعتوں کے گرینڈجرگے کااجلاس ختم ہوگیا،بات چیت جاری رکھنے پراتفاق ،جبکہ پاکستان تحریک انصاف اورحکومت کے درمیان تعطل کاشکارمذاکرات بھی دوبارہ شروع ہوگئے ہیں جس کاایک دورایک بارپھرکسی نتیجے کے بغیرختم ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیرداخلہ سینیٹررحمان ملک کے گھرپرگرینڈجرگے کااجلاس ہوا،جس میں اپوزیشن کی جانب سے سراج الحق نے قیادت کی ۔

مذاکرات تقریباًایک گھنٹے تک جاری رہے ،جس میں سیاسی بحران کے حل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال اورتجاویزپرغورکیاگیا۔مذاکرات کے اختتام پرمیڈیاسے مختصرگفتگوکرتے ہوئے احسن اقبال حکومتی وفدکے رکن نے کہاکہ بات چیت خوشگوارماحول میں ہوئی ہے ،امیدہے کہ اس کااچھانتیجہ برآمدہوگا۔

(جاری ہے)

تمام فریقین کی جانب سے اس بات پراتفاق کیاگیاہے کہ بات چیت کاعمل جاری رہے گااوراس سلسلے میں آج بھی مذاکرات کاایک دورہوگا۔

انہوں نے کہاکہ آج ہونے والی بات چیت انتہائی مثبت رہی ،قیاس آرائیاں نتیجے کومتاثرکرسکتی ہیں لہذاحتمی نتیجے کے بعدپہنچنے کے بعدہی میڈیااورعوام کوخوشخبری دے سکتے ہیں ،قبل ازوقت کوئی بھی تبصرہ نہیں کیاجاسکتا۔

عوامی تحریک کے کمیٹی کے رکن رحیق عباسی نے بھی کہاہے کہ بات چیت میں اچھی پیشرفت ہوئی ہے اوریہ عمل جاری رکھنے پراتفاق ہواہے ،امیدہے کہ معاملہ حل ہوجائیگااورعوامی تحریک بات چیت کے ذریعے اس معاملے کوحل کرنے کیلئے سنجیدہ ہے ۔

سابق وزیرداخلہ رحمن ملک سے ایک صحافی نے مذاکرات کے حوالے سے سوال کیاکہ اس میں کیاپیشرفت ہوئی ہے اورکیانتیجہ نکلاہے تورحمن ملک نے کہاکہ شرکاء کی مسکراہٹ دیکھ کراندازہ کرلیں کہ مذاکرات میں کیاہواہے ،تاہم سب سے بڑی خوشخبری یہ ہے کہ مذاکرات میں پیداہونے والاڈیڈلاک ختم ہوگیاہے امیدہے کہ آج کوئی نتیجہ نکل سکے گا۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف اورحکومت کے درمیان جہانگیرترین کی رہائش گاہ پرہونے والے مذاکرات بھی بے نتیجہ ختم ہوگئے ہیں ،تاہم بات چیت کایہ عمل جاری رکھنے پراتفاق ہواہے ،تحریک انصاف کی ٹیم میں عارف علوی ،شاہ محمودقریشی ،اسدعمراورجہانگیرترین شامل تھے جبکہ حکومتی کمیٹی میں زاہدحامد،اسحاق ڈار،میاں شفیق شامل تھے بات چیت کے اختتام پرپی ٹی آئی کے رہنماعارف علوی نے کہاکہ بات چیت کاکوئی نتیجہ نہیں نکل سکااورنہ ہی کوئی پیشرفت ہوئی ہے تاہم آج امیدہے کہ کوئی نتیجہ نکل جائیگا۔