پی ٹی وی پر حملے کا مقدمہ عمران خان اور طاہر القادری کے خلاف تھانہ سیکرٹریٹ میں درج،پاکستان تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے مرکزی قائدین کے خلاف اب تک 7ایف آئی آر درج کی جا چکی ہیں

بدھ 3 ستمبر 2014 08:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3ستمبر۔2014ء)پاکستان ٹیلی ویژ ن نیٹ ورک کی عمارت پر حملے کا مقدمہ پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان اور عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کے خلاف درج کر لیا گیا ہے۔ تفصیلا ت کے مطابق گزشتہ روز پی ٹی وی کی عمارت پر حملے اور قبضے کا مقدمہ عمران خان اور طاہر القادری کے خلاف تھانہ سیکرٹریٹ میں درج کر کیا گیا۔

(جاری ہے)

سرکاری ٹی وی پر حملے کا مقدمہ نمبر 183 ہے جس میں پی ٹی وی حملے اور قبضے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے مرکزی قائدین کے خلاف اب تک 7ایف آئی آر درج کی جا چکی ہیں جن میں سے 2 تھانہ سیکرٹریٹ میں 3 تھانہ کوہسار میں اور 2 تھانہ آبپارہ میں درج کی جا چکی ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے کارکنوں نے پی ٹی وی کی عمارت میں گھس کر توڑ پھوڑ کی اور عمارت پر قبضے کے بعد پی ٹی وی ورلڈ کی نشریات بند کرا دی گئیں، پاک فوج کے جوانوں کے آنے کے بعد مظاہرین عمارت سے باہر نکل آئے۔