وزیراعلیٰ شہبازشریف اور حکومت پنجاب کارکردگی کے لحاظ سے سرفہرست:پلڈاٹ سروے،وزیراعظم نوازشریف کے حق میں 46فیصد ووٹ‘ وفاقی حکومت کی کارکردگی گزشتہ سال سے بہتر رہی،عوامی سروے میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کو 65فیصد افراد نے کارکردگی کے لحاظ سے بہترین قرار دیا،پلڈاٹ اور گیلپ کے اشتراک سے عوامی سروے میں چاروں صوبوں کے دیہی اور شہری علاقوں کے لوگوں نے حصہ لیا

بدھ 3 ستمبر 2014 08:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3ستمبر۔2014ء) پلڈاٹ عوامی سروے میں کارکردگی کے لحاظ سے حکومت پنجاب اور وزیراعلیٰ پنجاب کو سرفہرست قرار دیا گیا ہے۔ ملک بھر سے پلڈاٹ اور گیلپ کے اشتراک سے چاروں صوبائی حکومتوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے سروے میں ملک بھر سے منتخب افراد نے اپنی رائے کا اظہار کیا۔ 16جولائی سے 6 اگست تک ہونے والے سروے میں 3065 شہریوں نے چاروں صوبوں کے دیہی اور شہری علاقوں سے حصہ لیا۔

پلڈاٹ سروے میں وزیراعظم محمد نوازشریف کو 46فیصد افراد نے بہتر قرار دیا اور 52 فیصد افراد نے وفاقی حکومت کی کاکردگی کو گزشتہ سال سے بہتر قرار دیا۔ چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ کی کارکردگی کے عوامی سروے میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کو 65 فیصد افراد نے بہترین قرار دیا۔

(جاری ہے)

عوامی سروے میں خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ دوسرے اور بلوچستان کے وزیراعلیٰ تیسرے‘ سندھ کے وزیراعلیٰ کارکردگی کے لحاظ سے آخری نمبر پر ہیں۔

حکومتوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے امن و امان‘ غربت کے خاتمے‘ تعلیم‘ صحت‘ شفافیت‘ توانائی کی پیداوار‘ اینٹی کرپشن‘ سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول ‘ محصولات کی وصولی‘ یوٹیلٹی بلز کی وصولی‘ ترقیاتی پروگرام‘ سرکاری ملازمین کا غیرجانبدارانہ اور معیاری برتاؤ‘ میرٹ پر بھرتی اور ترقیاں‘ گڈگورننس کے لئے ٹیکنالوجی کا استعمال‘ سرکاری خریداری میں شفافیت‘ زرعی مداخل کی فراہمی‘ ماحولیاتی آلودگی سے بچاؤ‘ قدرتی آفات سے بچاؤں کے انتظامات‘ بچوں کے حفاظتی ٹیکے‘ بنیادی سطح پر اختیارات کی منتقلی‘ وفاقی و صوبائی وسائل کی تقسیم‘ انصاف تک رسائی‘ صوبوں کو اختیارات کی منتقلی‘ قومی سلامتی ریگولیٹریز باڈیز کی کارکردگی‘ ریگولیٹری باڈیز میں میرٹ پر بھرتی‘ افراط زر پر کنٹرول‘ آبی ذخائر کی ترقی اور انتظام جیسے اعشاریئے شامل کئے گئے۔