کسی بھی آمر سے زیادہ موجودہ پارلیمنٹ نے جمہوریت کو نقصان پہنچایا ہے،عمران خان ، قوم اس وقت فرقوں اور قومیتوں میں بٹی ہوئی ہے مگر ہم تقسیم اور نفرتیں پھیلا کر ووٹ نہیں لینا چاہتے،نواز شریف کو ہر صورت استعفی دینا ہوگا،جب تک وہ استعفی ٰنہیں دیتے معاملات درست نہیں ہو سکتے، تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے کارکنان کو اگر رہا نہ کیا گیا تو زبردستی تھانوں کا محاصرہ کر کے اپنے کارکنان کو رہا کروائیں گے، آزادی دھرنے کے شرکاء سے خطاب

منگل 2 ستمبر 2014 08:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2ستمبر۔2014ء)تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ کسی بھی آمر سے زیادہ پارلیمنٹ نے جمہوریت کی نقصان پہنچایا ہے۔ قوم اس وقت فرقوں اور قومیتوں میں بٹی ہوئی ہے مگر ہم تقسیم اور نفرتیں پھیلا کر ووٹ نہیں لینا چاہتے۔نواز شریف کو ہر صورت استعفی دینا ہوگا اور جب تک وہ استعفی نہیں دیتے معاملات درست نہیں ہو سکتے۔

اسلام آباد اور راولپنڈی کے تھانوں اور پنجاب بھر کے تھانوں میں بند تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے کارکنان کو اگر رہا نہ کیا گیا تو زبردستی تھانوں کا محاصرہ کر کے اپنے کارکنان کو رہا کروائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز آزادی دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا جتنی بہتر جمہوریت اتنا بہتر انصاف ہوتا ہے، جمہوریت میں انسانوں کی بجائے پہلے میٹروبس پر پیسے خرچ نہیں ہوتے۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا ایسا الیکشن کرانے سے ملک میں جمہوریت نہیں آتی نواز شریف کی طرح حسنی مبارک الیکشن کراتا تھا لیکن جمہوریت نہیں تھی۔ عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا جب نئے پاکستان کی بات کرتے ہیں تو حقیقی جمہوریت کی بات کرتے ہیں حقیقی جمہوریت میں لوگوں کو ایمپاور کیا جاتا ہے۔ آدھا یورپ جمہوریت کیوجہ سے آگے اور جہاں جمہوریت نہیں تھی وہ پیچھے رہ گیا ہے -

انہوں نے کہا کہ ہم نظام بدلیں گے اور نظام تبدیل کیے بغیر بات آگے نہیں بڑھے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ یورپ اور امریکہ کی ترقی کا راز وہاں پر موجود مضبوط جمہوری نظام ہے جس کے باعث وہاں انصاف اور انسانیت ہے حتی کہ جانوروں تک کو انہوں نے حقوق دے رکھے ہیں، دوسری جنگ عظیم میں تباہ ہونے والے یورپ کو جمہوریت نے ہی دوبارہ آباد کیا اور آج برطانیہ، سویڈن ، ڈنمار ک اور سوئٹزرلینڈ میں دنیا کی بہترین جمہوریت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف جب سیاست میں آئے تھے تو ان کے پاس 40کروڑ کے اثاثے تھے مگر آج ان کے بچے بھی اربوں کے مالک ہیں اور یہ سارے اثاثے شریف خاندان نے اقتدار سے بنائے ہیں، نوا ز شریف ہمارے مطالبات کے باوجود پیسہ واپس اسی لئے نہیں لا رہے کہ انہیں قوم کو حساب دینا ہوگا کہ اتنا پیسہ کہاں سے بنایا ہے۔

نیا پاکستان کا مشن اصل جمہوریت کے نفاذ، یکساں و مساوی نظام اورحکمرانوں کے احتساب کے لئے ہے ،اور ایسا نظام نافذ کرنے کا مقصد ہے جہاں حکمرانو ں کا احتساب ہو سکے نہ کہ اقتدار میں آکر لوگ پیسے بنائیں۔حکومت کے گلو بٹوں نے جسطرح سے نہتے کارکنان اور میڈیا کو تشدد کا نشانہ بنایا ہے اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ، میڈیا پر تشدد سچ چھپانے کے لئے کیا گیا۔

تحریک انصاف کے کارکنان نے اتوار اور پیر کے روز جو کارنامے سرانجام دیئے اس پر فخر ہے ، انہوں نے پولیس کا مقابلہ کر کے دل خوش کر دیا ہے اور اب پولیس پر واضح کر دینا چاہتے کہ اگر تحریک انصاف کا ایک بھی کارکن گرفتار کیا تو انجام بہت برا ہوگا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ تحریک انصاف راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت پنجاب بھر کے تھانوں کا گھیراوٴ کر کے اپنے کارکنان کو زبردستی رہا کروائے گی۔

عمران خان نے وفاقی وزیر داخلہ اور پولیس کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ وزیر داخلہ کی ہدایت پر پولیس نے نہتے کارکنان پر ظلم کیا اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا، اس ظلم کا حساب لیا جائے گا اور نئے پاکستان میں اس اس کا احتساب سب سے پہلے ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے دن گنے جا چکے ہیں اس لئے اب وہ خود بھی نعرہ لگاتے ہیں کہ ”گو نواز گو ، الوداع نواز شریف الوداع“، نواز شریف کو آج نہیں تو کل یا زیاد سے زیادہ آئندہ تین روز کے اندر اندر استعفی دینا ہوگا اور اس کے علاوہ کوئی حل قابل قبول نہیں ہوگا۔