افسوس تحریک انصاف مذاکرات کا وعدہ کرکے منحرف ہوگئی،آج پوری دنیا میں جگ ہنسائی ہورہی ہے،احسن اقبال،تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے وہ لیڈر کہاں ہیں جنہوں نے اپنے سینوں پر گولی کھانے کا اعلان کیا تھا اور اب وہ بلٹ پروف کنٹینروں میں چھپ کر بیٹھے ہوئے ہیں،پولیس نے اپنے دفاع میں گولی چلائی،میڈیا سے گفتگو

اتوار 31 اگست 2014 09:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔31اگست۔2014ء)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی وترقیات احسن اقبال نے کہا ہے کہ افسوس کی بات ہے کہ تحریک انصاف نے مذاکرات کا وعدہ کرکے وعدے سے منحرف ہوگئی،آج پوری دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہورہی ہے،تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے وہ لیڈر کہاں ہیں جنہوں نے اپنے سینوں پر گولی کھانے کا اعلان کیا تھا اور اب وہ بلٹ پروف کنٹینروں میں چھپ کر بیٹھے ہوئے ہیں،پولیس نے اپنے دفاع میں گولی چلائی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کی شب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے پورے ملک میں دھرنے دینے کی کال پر ملک کے اندر خانہ جنگی کا ماحول پیدا کیا جارہا ہے جوکہ قابل مذمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہفتے کے دن کو تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں تحریک انصاف نے اس بات کی واضح الفاظ میں تائید کی تھی کہ ہم حکومت کے ساتھ مذاکرات جاری رکھیں گے لیکن وہ وعدہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ملک کے حساس ترین عمارتوں میں گھس گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سینے پر گولی کھانے والے لیڈروں سے میں پوچھتا ہوں کہ وہ کنٹینروں میں کیوں چھپ کر بیٹھ گئے۔انہوں نے کہا کہ پولیس پر مظاہرین کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس کے جواب میں پولیس نے بھی فائر کئے،حکومت نے صبر وتحمل کا مظاہرہ کیا لیکن صبر کا یہ پیمانہ لبریز ہوچکا تھا،جس کی وجہ سے ایسی صورتحال پیدا ہو ئی،حکومت کی جانب سے ہر ممکن کوشش کی گئی ہے کہ کسی کا جانی نقصان نہ ہو،یورپ اور امریکہ میں مظاہرے کرنے والوں کیلئے بھی انتظامیہ سے اجازت لینی پڑتی ہے لیکن یہاں پردھرنے والوں نے انتظامیہ سے کوئی اجازت نامہ نہیں لیا۔