میں نے ،پاک فوج ،پولیس اور رینجرز نے آئین کی پاسداری کا حلف اٹھا رکھا ہے،چوہدری نثار ،ریڈ زون میں واقع اہم ریاست کی علامت عمارتوں اور مقامات کی سیکورٹی کیلئے کسی بھی حد تک جانے کیلئے تیار ہیں،تحریک انصاف اور عوامی تحریک کی قیادت پر بار بار واضح کیا گیا کہ یہاں سے آگے ریڈلائن ہے،احتجاج کا یہ مطلب نہیں کہ ریاست کی علامت،بلڈنگ اور آئین پاکستان پر یلغار کردی جائے،مظاہرین کو یہاں سے آگے ایک انچ نہیں بڑھنے دیاجائے گا چاہے اس کیلئے کوئی بھی قیمت چکانی پڑے مگر ریاست پاکستان اورآئین پاکستان پر حرف نہیں آنے دیں گے ، پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو

اتوار 31 اگست 2014 09:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔31اگست۔2014ء)وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ میں نے ،پاک فوج ،پولیس اور رینجرز نے آئین کی پاسداری کا حلف اٹھا رکھا ہے،ریڈ زون میں واقع اہم ریاست کی علامت عمارتوں اور مقامات کی سیکورٹی کیلئے کسی بھی حد تک جانے کیلئے تیار ہیں،تحریک انصاف اور عوامی تحریک کی قیادت پر بار بار واضح کیا گیا کہ یہاں سے آگے ریڈلائن ہے،احتجاج کا یہ مطلب نہیں کہ ریاست کی علامت،بلڈنگ اور آئین پاکستان پر یلغار کردی جائے،مظاہرین کو یہاں سے آگے ایک انچ نہیں بڑھنے دیاجائے گا چاہے اس کیلئے کوئی بھی قیمت چکانی پڑے مگر ریاست پاکستاناورآئین پاکستان پر حرف نہیں آنے دیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کی شب پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مظاہرین پر باربار واضح کیا گیا کہ انہیں مذاکرات کے ذریعے اور ہر لحاظ سے سمجھایا کہ اپنے احتجاج کو آئین وقانون اور جمہوریت کے اندر رکھیں کیونکہ یہاں سے آگے ریڈ لائن ہے جس کو کراس کرنے پر قانون سختی سے حرکت میں آئے گا،

مگر حکومت کی امن پسندی اور جمہوریت پسندی کو کمزوری سمجھ کر ریاست پر یلغار کرنے کی عملی کوشش کی گئی،جس کے خلاف قانون حرکت میں آیا ہے کیونکہ ہم نے آئین پاکستان کے تحفظ کا حلف اٹھا رکھا ہے۔

دریں اثناء وفاقی وزیر داخلہ نے ریڈزون میں سیکورٹی کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا اور پولیس،رینجرز و پاک فوج کی حفاظتی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مکمل امن قائم ہونے تک ڈیوٹی پر براجمان رہنے کی ہدایت کی۔انہوں نے سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کا حوصلہ بڑھایا اور پولیس حکام کو انتظامات مزید بہترکرنے کی ہدایت کی۔