گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور خصوصی دورے پر کراچی پہنچ گئے، گورنر سندھ سے ملاقات ،ملک کی مجموعی صورت حال ،تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے دھرنوں ، مطالبات ، طاہر القادری کی ڈیڈ لائن ،دونوں جماعتوں سے مذاکرات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال

بدھ 27 اگست 2014 02:27

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27اگست۔2014ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور خصوصی دورے پر منگل کو کراچی پہنچ گئے ۔گورنر پنجاب نے کراچی پہنچنے کے بعد گورنر ہاوٴس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملاقات کی ۔ملاقات میں ملک کی مجموعی صورت حال ،تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے دھرنوں ،ان کے مطالبات ،ڈاکٹر طاہر القادری کی ڈیڈ لائن ،دونوں جماعتوں سے ہونے والے مذاکرات سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

گورنر پنجاب نے گورنر سندھ کو تحریک انصاف کی قیادت اور ڈاکٹر طاہر القادری سے ہونے والے رابطوں پر اعتماد میں لیا ۔گورنر سندھ نے گورنر پنجاب کو اس سیاسی بحران کے خاتمے کے لیے اپنی جانب سے کیے جانے والے رابطوں سے آگاہ کیا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر پنجاب نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں احتجاج کرنے والی جماعتوں کو لچک کا مظاہرہ کرنا ہوگا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت آئین کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے ان جماعتوں کے مطالبات کو حل کرنے کے لیے تیار ہے اور میں بھرپور کوشش کررہا ہوں کہ مذاکرات کے ذریعہ جلد سے جلد اس مسئلے کو حل کیا جاسکے ۔انہوں نے موجودہ صورت حال میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین اور گورنر سندھ کے کردار کو سراہا ۔اس ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ تحریک انصاف اور عوامی تحریک کی قیادت سے رابطوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا ۔

وفاقی حکومت مختلف سیاسی جماعتوں سے مل کر اس معاملے کو جلد از جلد بات چیت کے ذریعہ حل کرے گی ۔دونوں رہنماوٴں نے اس بات پر زور دیا کہ تحریک انصاف اور عوامی تحریک کی قیادت لچک کا مظاہرہ کرے اور مذاکراتی عمل کے دروازے کو بند نہ کرے بلکہ بات چیت کے سلسلے کو جاری رکھا جائے ۔