ہتک عزت کے دعوے پر عمران خان کا جواب مل چکا ، ہمارے وکلاء جائزہ لے رہے ہیں ، افتخار محمد چوہدری،لیکن اس جواب کے بعد وہ جو باتیں کر رہے ہیں اس سے ان کے جواب کی نفی ہوتی ہے،موجودہ صورتحال میں عدلیہ کو کردار ادا کرنا چاہئے،سابق چیف جسٹس کی صحافیوں سے بات چیت

بدھ 27 اگست 2014 02:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27اگست۔2014ء)سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ ہتک عزت کے دعوے پر عمران خان کا جواب مل چکا ہے جس کا ہمارے وکلاء جائزہ لے رہے ہیں لیکن اس جواب کے بعد وہ جو باتیں کر رہے ہیں اس سے ان کے جواب کی نفی ہوتی ہے،موجودہ صورتحال میں عدلیہ کو کردار ادا کرنا چاہئے۔

(جاری ہے)

منگل کو مقامی ہوٹل میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے افتخار محمد چوہدری نے کہا کہ انہوں نے عمران خان کو ہتک عزت کا نوٹس دیا تھا جس کا جواب انہوں نے بھیج دیا ہے اور میں نے جان بوجھ کر یہ جواب میڈیا کو دیا ہے کیونکہ وہ جو کچھ کہتے رہے ہیں انہوں نے اپنے جواب میں اس کی نفی کی ہے،ہمارے وکلاء اس کا جائزہ لے رہے ہیں ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کے الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں۔انہوں نے جواب میں جو باتیں کی ہیں ان کی پھر نفی کر رہے ہیں۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں عدلیہ کو کردار ادا کرنا چاہئے اور وہ ٹھیک کردار ادا کر رہی ہے۔الیکشن کمیشن کے سابق ایڈیشنل سیکرٹری افضل خان کی طرف سے لگائے جانے والے الزامات پر سابق چیف جسٹس نے کہا کہ میں اتنا نیچے نہیں گرسکتا۔