انتخابی اصلاحاتی کمیٹی کا اجلاس ، انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات کیلئے نادرا اور پرنٹنگ کارپوریشن کے حکام کو طلب کرلیا ، انتخابی اصلاحات کے حوالے سے 290تجاویز کمیٹی کو موصول ہوچکی ہیں،اسحاق ڈار، انتخابات کو آزادانہ اور غیر جانبدارانہ بنانے کیلئے قانون اور آئین میں ترمیم کرنا پڑی تو ضرور کرینگے،میڈیا سے بات چیت

بدھ 27 اگست 2014 02:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27اگست۔2014ء) انتخابی اصلاحاتی کمیٹی کا اجلاس ، کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے الزامات کی تحقیقات کیلئے نادرا اور پرنٹنگ کارپوریشن کے حکام کو طلب کرلیا ۔ منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں انتخابی اصلاحاتی کمیٹی کا اجلاس وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہوا جس میں الیکشن کمیشن نے سٹرٹیجک پلان 2014-18 پیش کیا جس میں بائیو میٹرک سسٹم ، الیکٹرانک ووٹنگ مشین سمیت دیگر اہداف کمیٹی کے سامنے رکھے گئے ۔

کمیٹی کے اجلاس کے بعد وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں کمیٹی کے گزشتہ فیصلوں کا جائزہ لیا گیا، بار کونسل ،سول سوسائٹی اور سینئر وکلاء کو خطوط لکھے گئے ہیں کہ اصلاحات کے حوالے سے اپنی تجاویز کمیٹی کو دیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب تک انتخابی اصلاحات کے حوالے سے 290تجاویز کمیٹی کو موصول ہوچکی ہیں انتخابات کو آزادانہ اور غیر جانبدارانہ بنانے کیلئے قانون اور آئین میں ترمیم کرنا پڑی تو ضرور کرینگے ۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے کمیٹی کو پورا سٹرٹیجک پلان دے دیا ہے اور اس کی روشنی میں آئندہ عام انتخابات کو شفاف اور غیر جانبدارنہ و منصفانہ بنانے کے لئے اقدامات کئے جائینگے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ کمیٹی اس سٹریٹجک پلان کی جلد منظوری دیدے گی جس کے بعد اس پر عملی کام شروع کر دیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :