خیبر ایجنسی‘ نیٹو آئل ٹینکر پر ایک اور حملہ، دو جا ں بحق ، ہلاک ہونے والوں میں ٹینکر کا ڈرائیور اور کلینر شامل ہیں، ڈرائیور کا تعلق لکی مروت اور کلینر کا تعلق لنڈی کوتل سے ہے‘ سکیو رٹی فو رسز نے علا قے کو گھیر ے میں لے کر سر چ آپر یشن شروع کر دیا

منگل 26 اگست 2014 08:15

جمرود (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26اگست۔2014ء)خیبر ایجنسی میں افغانستان میں تعینات نیٹو افواج کے لیے تیل لے جانے والے ٹینکر پر حملے میں دو افراد جا ں بحق ہوگئے ۔مقامی انتظامیہ کے مطابق یہ واقعہ پیر کی صبح ایجنسی کی تحصیل جمرود کے علاقے وزیر ڈنڈ میں اس وقت پیش آیا جب نامعلوم مسلح افراد نے پشاور سے طورخم کے راستے افغانستان جانے والے ٹینکر پر فائرنگ کی۔

انتظامیہ کے اہلکار کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں ٹینکر کا ڈرائیور اور کلینر شامل ہیں جنھیں حملہ آوروں نے براہِ راست نشانہ بنایا۔ہلاک ہونے والے ڈرائیور کا تعلق لکی مروت اور کلینر کا تعلق لنڈی کوتل سے بتایا گیا ہے۔پولیٹکل انتظامیہ کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ اس واقعے کی اطلاع ملتے ہیں تحصیلدار موقع پر پہنچ گئے اور واقعہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

جمرود میں ماضی میں بھیں نیٹو کے کنٹینروں اور ٹینکروں پر حملے ہوتے رہے ہیں اور یہ اس علاقے میں گذشتہ ایک ہفتے کے دوران نیٹو کے ٹینکروں کو نشانہ بنائے جانے کا تیسرا واقعہ ہے۔اب تک ان حملوں میں پانچ افراد ہلاک اور تین زخمی ہو چکے ہیں۔

اس سے قبل جمعرات کو سور قمر کے مقام پر موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم افراد نے دو ٹینکروں پر اندھا دھند فائرنگ کی تھی جس سے ٹینکروں کو آگ لگ گئی تھی اور ایک ڈرائیور ہلاک اور تین افراد زخمی ہوئے تھے۔

اس واقعے سے دو روز قبل افغانستان سے واپس آنے والے خالی ٹینکر پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی تھی جس میں ڈرائیور اور کلینر دونوں ہلاک ہو گئے تھے۔نیٹو کے لیے رسد لے جانے والے ٹینکرز اور کنٹینروں پر حملوں کا تازہ سلسلہ خیبر ایجنسی میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے بعد شروع ہوا ہے۔سکیورٹی فورسز نے چند روز پہلے خیبر ایجنسی میں شدت پسندوں کے پانچ ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے تھے جس میں ہلاکتوں کی اطلاعات ملی تھیں۔

متعلقہ عنوان :