لیبیا میں پھنسے 5700 پاکستانیوں کے انخلاء کیلئے پاکستانی سفارتخانہ کو فوری 40 کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دید ی ہے،اسحاق ڈار ، پی آئی اے نے جاری حج پروازوں اور 1200 امریکی ڈالرز فی کس پاکستانیوں کے انخلاء کے باعث ان کے انخلاء سے معذوری ظاہر کر دی ہے،اجلا س سے خطاب

منگل 26 اگست 2014 08:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26اگست۔2014ء ) وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے وزیر اعظم نواز شریف سے مشاورت کے بعد لیبیا میں پھنسے ہوئے 5700 پاکستانیوں کے انخلاء کے لئے وہاں موجود پاکستانی سفارتخانہ کو فوری طور پر 40 کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی، جبکہ پاکستان انٹر نیشنل ائر لائنز نے جاری حج پروازوں اور 1200 امریکی ڈالرز فی کس پاکستانیوں کے انخلاء کے باعث ان کے انخلاء سے معذوری ظاہر کر دی۔

تفصیلات کے مطابق منگل کے روز لیبیا ء میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کے فوری انخلاء کو یقینی بنانے کے لئے ضروری فنڈز کی فراہمی کے حوالے سے وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس ہوا ۔اجلاس کے دوران وزیر اعظم کے خصو صی معاون برائے امور خارجہ طارق فاطمی نے اجلاس کے شرکاء کو مطلع کیا کہ لیبیاء اس وقت خانہ جنگی کی صورتحال سے دوچار ہے اور ملک کے مختلف حصے مختلف وار لارڈز اور ملیشیاء کے مسلح افراد کے زیر انتظام ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ وہاں موجود پاکستانیوں کی سیکیورٹی اور تحفظ کے حوالے سے وہاں صورتحال کافی سنجیدہ ہے جس کے باعث وزیر اعظم نواز شریف نے پہلے ہی وزارت خارجہ کو وہاں موجود پاکستانیوں کے انخلاء کو یقینی بنانے کی ہدایت کر دی تھی۔

طارق فاطمی کا کہنا تھا کہ فی الوقت لیبیاء میں سے پاکستان انٹر نیشنل ائر لائنز کے زریعے 730 پاکستانیوں کو نکالا جا چکا ہے جبکہ لیبیاء کے شہر تریپولی میں پاکستانی سفارخانہ کی جانب سے قائم شدہ کیمپ میں 2500 پاکستانی پناہ گزین موجود ہیں اور وہاں موجود دیگر 3200 پاکستانیوں نے پاکستانی سفارخانہ مین اپنی رجسٹریشن کروا دی ہے اور وہ لیبیاء سے اپنے انخلاء کے منتظر ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ لیبیاء میں موجود پاکستانی سفارخانہ وہاں قائم شدہ کیمپوں میں موجود پاکستانی پناہ گزینوں کو خوراک اور دیگر اشیاء خورد و نوش فراہم کر رہا ہے۔ اس موقع پر سیکر یٹری ایوی ایشن ڈویژن محمد علی گردیزی کا نے بتایا کہ 28 اگست سے جاری حج پروازؤں کے باعث پاکستان انٹر نیشنل ائر لائنز کے لئے لیبیاء میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لئے مناسب طیارے مختص کرنا ناممکن ہے۔

گردیزی نے اجلاس کے شرکاء کو مزید بتایا کہ موجودہ صورتحال میں پی آئی اے کے لئے مالی اور لاجسٹک سطح پر بھی وہاں پھنسے ہوئے 5700 پاکستانیوں کے انخلاء کا انتظام کرنا نا ممکن ہے اور وہ بھی اس حالت میں جبکہ انخلاء کی صورت میں 1200 امریکی ڈالر فی کس اخراجات متوقع ہیں۔وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ لیبیاء میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کے انخلاء کے لئے تمام ضروری اقدامات کرنا حکومت کی اخلاقی ذمہ داری ہے اور اس حوالے سے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی سفارتخانہ کی سفارشات کے مطابق فی الحال اس معاملے کا واحدممکنہ حل مقامی ائر لائن کی خدمات حاصل کرنا ہے جس نے 1000 امریکی ڈالرز فی کس کے عوض ان کے انخلاء پر رضامندی ظاہر کی ہے۔وزیر خزانہ نے وزیر اعظم نواز شریف سے مشاورت کے بعد لیبیا ء میں پھنسے ہوئے 5700 پاکستانیوں کے انخلاء کے لئے لیبیاء میں موجود پاکستانی سفارتخانہ کو فوری طور پر 40 کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی۔

اجلاس کے دوران سیکریٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود ، سیکریٹری وزارت بیرون ممالک پاکستانی راجہ حسن عباس، مشیر برائے وزارت خزانہ رانا اسد امین، ایم ڈی اور سیز پاکستانیز فاؤنڈیشن حبیب الرحمان خان، ایڈیشنل سیکر یٹری وزارت خزانہ شاہد محمود اور دیگر اعلی متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :