تحریک انصاف اور عوامی تحریک و حلیف جماعتوں کے دھرنوں سے پاکستانی معیشت کو 800 ارب روپے کا براہ راست نقصان ہو چکا ہے ،خرم دستگیر

منگل 26 اگست 2014 08:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26اگست۔2014ء ) وفاقی وزیر تجارت انجینئرخرم دستگیر خان نے پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک و حلیف جماعتوں کے دھرنوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان دھرنوں کی وجہ سے پاکستانی معیشت کو 800 ارب روپے کا براہ راست نقصان ہو چکا ہے ، ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قیمت گرنے سے پاکستان کے بیرونی قرضوں کی ادائیگی میں قریباً350ارب روپے کا اضافہ ہو چکاہے اور اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 450ارب روپے ڈوب چکے ہیں،ملک میں جاری سیاسی بے چینی کی وجہ سے چین اور سری لنکا کے صدور نے اپنے انتہائی اہم دورے منسوخ کردئیے ہیں۔

پیر کے روز یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر تجارت انجینئرخرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ دھرنوں کی وجہ سے پاکستانی معیشت کو 800 ارب روپے کا براہ راست نقصان ہو چکا ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ یہ سیاسی عدم استحکام پاکستان کا معاشی مستقبل تاریک کر رہا ہے ۔

(جاری ہے)

ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قیمت گرنے سے پاکستان کے بیرونی قرضوں کی ادائیگی میں قریباً350ارب روپے کا اضافہ ہو چکاہے اور اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 450ارب روپے ڈوب چکے ہیں ۔

ملک میں جاری سیاسی بے چینی کی وجہ سے چین اور سری لنکا کے صدور نے اپنے انتہائی اہم دورے منسوخ کردئیے ہیں

جس سے پاکستان میں سرمایہ کاری اور تجارت کے متعدد منصوبے تاخیر کا شکارہو سکتے ہیں ۔جبکہ اس منفی سیاست کی وجہ سے پاکستان کی معیشت کو بلاواسطہ نقصانات سینکٹروں ارب کے ہیں جن سے عام آدمی کی زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ دھرنادینے والے ہوس اقتدار میں پاکستان کی آنے والی نسلوں کے معاشی مسقبل کے ساتھ گھناؤنا کھیل کھیل رہے ہیں ۔

یہ موجودہ حکومت کی بڑی کامیابی ہے کہ ملک کے بڑے کاروباری مراکز میں حالات پر امن ہیں اور انشااللہ یہ امن قائم رکھا جائے گا۔ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے ویژن کے مطابق حکومت کی ترجیحات آج بھی توانائی کے بحران سے نمٹنا ،انتہا پسندی سے لڑنا اور معیشت کی فی الفور بحالی ہے ۔انھوں نے کہا کہ حکومت پر عزم ہے کہ ان مقاصد کے حصول میں آنے والی رکاوٹوں کو جلد دور کر دیں گے اور روشن پاکستان کے خواب کو حقیقت بنا کر پاکستان کے عوام کے سامنے پیش کریں گے۔