طاہرالقادری کے اتحادی ہیں آئندہ بھی ساتھ چلیں گے، چودھری شجاعت،افضل خان کی گواہی سے ثابت ہو گیا سابق چیف جسٹس نے الیکشن پر کنٹرول کیلئے ریٹرننگ افسر مقرر کیے ،میڈیا سے گفتگو

منگل 26 اگست 2014 08:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26اگست۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم سینیٹر چودھری شجاعت حسین نے پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم پہلے دن سے ڈاکٹر صاحب کے انقلاب مارچ کے ساتھ ہیں، اتحادی ہیں اور آئندہ بھی اکٹھے ساتھ چلیں گے۔ ملاقات کے دوران مسلم لیگی رہنما طارق بشیر چیمہ ایم این اے، چودھری ظہیر الدین، احمد یار ہراج اور ڈاکٹر عظیم الدین لکھوی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے آج اپنے خطاب کے دوران اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ آصف علی زرداری اور چودھری پرویزالٰہی نے مجھے کہا تھا کہ الیکشن میں تمام دھاندلی ریٹرننگ افسروں نے کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن افضل خان نے گواہ کے طور پر یہ ثابت کر دیا ہے کہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے الیکشن کمیشن کے اختیارات اپنے ہاتھ میں لے کر ریٹرننگ افسر مقرر کیے تاکہ پورے الیکشن کا کنٹرول وہ اپنے ہاتھ میں رکھ سکیں۔