سابق صدر آصف علی زرداری کا تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ،امیر جماعت اسلامی سراج الحق ، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کو ٹیلی فون ، موجودہ ریاستی صورتحال پر بات چیت، ملک میں جمہوریت کا استحکام چاہتے ہیں آپ کی خواہش پر کمیٹی قائم کردی ہے مذاکرات میں معاملات کو حل کیاجائے،آصف علی زرداری

منگل 26 اگست 2014 08:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26اگست۔2014ء) سابق صدر آصف علی زرداری نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کو ٹیلی فون ، موجودہ ریاستی صورتحال پر بات چیت کی ہے آصف علی زرداری نے عمران خان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں جمہوریت کا استحکام چاہتے ہیں آپ کی خواہش پر کمیٹی قائم کردی ہے مذاکرات میں معاملات کو حل کیاجائے ۔

شیخ رشید احمد سے بات چیت کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ طاہر القادری اور عمران خان سے ملاقاتیں کی جائیں اور کوئی درمیانہ راستہ نکالا جائے ۔

شیخ رشید احمد نے بتایا کہ آصف علی زرداری سے بات ہوئی ہے ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کئے جائیں نظام کو خطرہ لاحق ہے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ میں آصف علی زرداری کو بتایا کہ دونوں رہنما بہت آگے نکل چکے ہیں واپسی کے راستے بند ہوچکے ہیں جس پر آصف علی زرداری نے مزید کہا ہے کہ کوشش کرنے میں کوئی حرج نہیں آپ پھر کوشش کریں ہم بھی کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

پیپلزپارٹی کے شریک چےئرمین سابق صدر آصف علی زرداری نے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کو ٹیلی فون کرکے موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔پیر کے روز پیپلزپارٹی کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کو فون کیا اور موجودہ سیاسی صورتحال پر ان سے تبادلہ خیال کیا،سابق صدر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک میں جمہوریت کی حمایت جاری رکھی جائے گی اور جمہوریت کو نقصان نہیں پہنچنے دیا جائے گا،اس موقع پر اسلام آباد میں جاری دھرنوں کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔