دونوں گروہ جو کہ پارلیمان کا محاصرہ کئے بیٹھے ہیں انھیں چاہئے کہ وہ بانی پاکستان کی قائم کردہ اعلی جمہوری مثال پر عمل کریں،انتخابات میں شکست کو تسلیم کریں اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے خلاف تخریبی حربے استعمال کرنے کی بجائے ملکی خدمت میں اس حکومت کی قائم کردہ مثال کا مقابلہ کریں، انجنئیر خرم دستگیر خان کا پی ٹی آئی اور پی اے ٹی کو مشورہ

ہفتہ 23 اگست 2014 09:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23اگست۔2014ء) وفاقی وزیر تجارت انجنئیر خرم دستگیر خان نے پاکستان تحریک انصاف، پاکستان عوامی تھریک اوران کی حلیف جماعتوں کومشورہ دیا ہے کہ آ زادی اورانقلاب مارچ میں شریک دونوں گروہ جو کہ پارلیمان کا محاصرہ کئے بیٹھے ہیں انھیں چاہئے کہ وہ بانی پاکستان کی قائم کردہ اعلی جمہوری مثال پر عمل کریں،انتخابات میں شکست کو تسلیم کریں اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے خلاف تخریبی حربے استعمال کرنے کی بجائے ملکی خدمت میں اس حکومت کی قائم کردہ مثال کا مقابلہ کریں۔

جمعہ کے روز یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر تجارت انجنئیر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی اساس جمہوریت ہے جتھہ راج نہیں،۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ قائد اعظم محمدعلی جناح نے پاکستان امپیریل اسمبلی کے باہر دھرنا دے کر حاصل نہیں کیا تھا بلکہ پاکستان ایک جمہوری جدوجہدکا نتیجہ ہے، قائد اعظم نے1936-37کے انتخابات میں شکست کو تسلیم کیا اور احتجاج اور دھرنے کے بجائے اگلے نو سال الیکشن کی تیاری کی اور1946میں ہونے والے انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کر کے پاکستان ناگزیر بنا ۔

(جاری ہے)

خرم دستگیر خان نے واضح کیا کہ دونوں گروہ جو پارلیمان کا محاصرہ کئے بیٹھے ہیں انھیں چاہئے کہ وہ بانی پاکستان کی قائم کردہ اعلی جمہوری مثال پر عمل کریں،انتخابات میں شکست کو تسلیم کریں اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے خلاف تخریبی حربے استعمال کرنے کی بجائے ملکی خدمت میں اس حکومت کی قائم کردہ مثال کا مقابلہ کریں۔پاکستان مسلم لیگ (نواز) کے سینئر راہنماء کا کہنا تھا کہ معاشی استحکام اور جمہوری استحکام ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں ،لہٰذا معاشی بے یقینی سے جمہوری ادارے بے یقینی کا شکار ہو جاتے ہیں ۔

اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ ان دھرنوں اور ملک میں بے یقینی کی کیفیت سے پاکستانی معیشت کو اربوں روپے کا نقصان ہو چکا ہے ،دیہاڑی دار مزدور سے لے کر ملک کے ممتاز ایکسپورٹرز سب پریشان ہیں ، ملکی معیشت مزید ان حالات کی متحمل نہیں ہو سکتی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں معاشی انقلاب کی کنجی وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف کے پاس ہے اور وزیر اعظم کے ویژن کے ذریعے ہی ملک کی تقدیر بدلے گی۔