وزیراعظم معاملہ حل کرنے کیلئے عمران خان اورطاہر القادری سے ملاقات کرنے کیلئے تیار ہیں،خواجہ آصف،عمران خان کو گرفتار نہیں کریں گے،امید ہے کہ مذاکرات میں تعطل جلد ختم ہوجائے گا،دھرنوں کے شرکاء پر طاقت کا استعمال اور لاٹھی چارج نہیں کیا جائے گا،نجی ٹی وی سے گفتگو

جمعہ 22 اگست 2014 09:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22اگست۔2014ء)وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وزیراعظم معاملہ حل کرنے کیلئے عمران خان اورطاہر القادری سے ملاقات کرنے کیلئے تیار ہیں،عمران خان کو گرفتار نہیں کریں گے،امید ہے کہ مذاکرات میں تعطل جلد ختم ہوجائے گا،دھرنوں کے شرکاء پر طاقت کا استعمال اور لاٹھی چارج نہیں کیا جائے گا۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان اور طاہر القادری کی ”انا“ کی وجہ سے ملک کو نقصان ہو رہا ہے،14ماہ کی کارکردگی پر حکومت کا احتساب نہیں کیا جاسکتا،نوازشریف نے4سال تک استعفیٰ نہیں دینا،عمران خان کو4سال انتظار کرنا ہوگا،فوج کی مداخلت ماضی کا حصہ بن گئی ہے،پہلے ٹرپل ون بریگیڈ وزیراعظم کو ہٹانے کیلئے آتی تھی اب حفاظت کر رہی ہے،لیڈر ائرکنڈیشنر کمروں میں سو رہے ہیں اور عوام سڑکوں پر ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ طاہر القادری نے جن گرفتار افراد کا کہا ہے کہ ان کی فہرست دیں رہا کردیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم معاملہ حل کرنے کیلئے عمران خان اور طاہرالقادری سے ملاقات کرنے کیلئے تیار ہیں،موجودہ صورتحال زیادہ دیر تک نہیں چل سکتی،مارچ کے شرکاء کوکچھ نہ کہنے کو حکومت کی سستی نہیں کہنی چاہئے،لوگ چاہتے ہیں کہ لاشیں گریں اور نظام لینا چاہئے،عمران خان کنٹینر پر جب چہل قدمی کر رہے تھے تو لوگوں کو سکندر یاار آرہا تھا،خواتین اور دھرنے میں شریک بچوں اور خواتین کا بہت خیال ہے،ان پر ترس بھی آتا ہے۔