ریئر ایڈمرل ظفر محمود عباسی اورریئر ایڈمرل عارف اللہ حسینی کو وائس ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دیدی گئی

جمعہ 22 اگست 2014 09:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22اگست۔2014ء)ریئر ایڈمرل ظفر محمود عباسی اورریئر ایڈمرل عارف اللہ حسینی کو وائس ایڈمرل کے رینک پر ترقی دے دی گئی۔وائس ایڈمرل ظفرمحمود عباسی نے جون 1981 میں پاکستان نیوی کی آپریشنزبرانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ آپ نے ابتدائی تربیت بریٹینیا رائل نیول کالج ڈارٹ ماؤ تھ انگلینڈ سے حاصل کی۔پاکستان نیوی میں کمیشننگ کے موقع پر پاکستان نیول اکیڈمی سے اعزازی شمشیر حاصل کی۔

اپنی امتیازی سروس کے دوران آ پ کو آپریشنل اور سٹاف عہدوں پر کام کرنے کا وسیع تجربہ حاصل ہوا۔آپ کی کمانڈزتقرریوں میں سرفیس شپس کی کمانڈ،کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی ، کمانڈر25thڈسٹرائر اسکواڈرن ،ڈائریکٹر جنرل پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی،کمانڈر کوسٹ، کمانڈر لاجسٹکس اورنیوسینٹ بحرین میں کثیرالقومی کمبائنڈ ٹاسک فورس150-کی کمانڈز شامل ہیں۔

(جاری ہے)

آپ کی اہم اسٹاف تقرریوں میں اسسٹنٹ چیف آف نیول اسٹاف (پلانز) اور چیف انسپکٹر (نیوی) شامل ہیں۔موجودہ وقت میں آپ کمانڈر پاکستان فلیٹ کی ذمہ داریاں سر انجام دے رہے ہیں۔

انکی شاندار پیشہ وارانہ خدمات کے اعتراف میں آپ کو ہلالِ امتیاز(ملٹری) سے نوازا گیا۔ وائس ایڈمرل عارف اللہ حسینی نے جون 1981کو پاکستان نیوی کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔

آپ نے ابتدائی تربیت بریٹینیا رائل نیول کالج ڈارٹ ماؤ تھ انگلینڈ سے حاصل کی۔اپنی امتیازی سروس کے دوران آ پ کو آپریشنل اور سٹاف عہدوں پر کام کرنے کا وسیع تجربہ حاصل ہوا۔آپ کی کمانڈز تقرریوں میں سرفیس شپس کی کمانڈ اورکمانڈر9thایگزیلری اینڈ مائن وارفیئر اسکواڈرن کی کمانڈ ز شامل ہیں۔آپ کی اہم اسٹاف تقرریوں میں اسسٹنٹ چیف آف نیول سٹاف (پلانز) ، اسسٹنٹ چیف آف نیول سٹاف (فیریگیٹس پروگرام)، اسسٹنٹ چیف آف نیول سٹاف (پرسنیل)،ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف(پرسنیل) ، نیول سیکرٹری اور جوائنٹ سروسز ہیڈ کوارٹرز میں ڈائریکٹر جنرل (جوائنٹ وارفیئر اینڈ ٹریننگ) شامل ہیں۔

موجودہ وقت میں آپ کمانڈر کراچی اورکمانڈر کوسٹ کی ذمہ داریاں سر انجام دے رہے ہیں۔ ایڈمرل کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ ،نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباداور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی چائنا کے گریجویٹ ہیں۔آپ کی شاندار پیشہ وارانہ خدمات کے اعتراف میں آپ کو ہلالِ امتیاز (ملٹری) اور تمغہ بسالت سے نوازا ۔