بھارتی فوج کی ایک بار پھرسرحدی خلاف ورزی، بلا اشتعال فائرنگ سے رینجرز کے 2 جوانوں سمیت 3 افراد زخمی،پنجاب رینجرز کی بھرپور جوابی کارروائی نے بھارتی توپوں کو خاموش کرادیا،سرحدی علاقوں میں خوف و ہراس کی فضا قائم

منگل 19 اگست 2014 09:49

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19اگست۔2014ء) بھارتی فوج نے ایک بار پھر سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی حدود میں بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی جس کے نتیجے میں رینجرز کے 2 جوانوں سمیت 3 اہلکار زخمی ہوگئے۔نجی ٹی وی کے مطابق بھارتی فوج نے ورکنگ باوٴنڈری کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سیالکوٹ ، چارواہ، چپڑاڑ اور ہرپال سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی جس کے نتیجے میں رینجرز کے 2 جوانوں سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

بھارتی فوج کی گولہ باری سے 8 مویشی ہلاک جب کہ متعدد مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔ پنجاب رینجرز کی بھرپور جوابی کارروائی نے بھارتی توپوں کو خاموش کرادیا۔ فائرنگ اور گولہ باری سے سرحدی علاقوں میں شدید خوف و ہراس بھی پھیل گیا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی بھارتی فوج نے آزاد کشمیر میں کوٹلی کے نکیال سیکٹر اور سیالکوٹ میں چارواہ اور ہرپال سیکٹرز میں بھی فائرنگ اور گولہ باری کی تھی جس کا پاکستانی جوانوں نے بھی بھرپور جواب دیاتھا۔ اس سے قبل بھی بھارت متعدد بار سرحدی حدود کی خلاف ورزی کر چکا ہے اور چند روز قبل بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک خاتون جاں بحق بھی ہو گئی تھی۔