عمران خان کو آج نظربند کئے جانے کا امکان،موٹروے اور دیگر راستوں سے اسلام آباد جانے والے راستوں پرپولیس کے کڑے پہرے اور موٹروے کے لنکس پوائنٹ کو بند کئے جانے کیلئے صلاح مشورے،ذرائع

منگل 19 اگست 2014 09:45

سرگودھا،اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19اگست۔2014ء)تحریک انصاف کے قائد عمران خان کو آج (منگل کو )نظربند کئے جانے کا امکان،موٹروے اور دیگر راستوں سے اسلام آباد جانے والے راستوں پرپولیس کے کڑے پہرے اور موٹروے کے لنکس پوائنٹ کو بند کئے جانے کیلئے صلاح مشورے شروع ہوگئے۔ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے قائد عمران خان کی طرف سے آج ریڈزون میں داخلے کے بیان پر پولیس،موٹروے پولیس حرکت میں آگئی،پولیس ذرائع کے مطابق آج عمران خان کو ان کی رہائش گاہ بنی گالہ میں نظربند کردیا جائے گا اور انہیں جلسہ گاہ تک نہ آنے کی بھی تجویز زیر غور ہے،اس کے ساتھ ساتھ تحریک انصاف کے دیگر اہم رہنماؤں اور دیگر جماعتوں کے رہنماؤں کو بھی نظربند کرنے کیلئے پولیس کی اعلیٰ کمانڈ کے صلاح مشورے شروع ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس اور سیاسی ذرائع کے مطابق عمران خان کو کسی بھی صورت ریڈزون تک نہیں جانے دیا جائے گا،

اس ضمن میں حکومت پاکستان نے اہم حساس تنصیبات پر پولیس شوٹر،پولیس رینجرز اور ایف سی کے ساتھ ساتھ فوج کو بھی ہائی الرٹ کردیا ہے،اس وقت اسلام آبادمیں آرٹیکل245کے نفاذ کے باعث کسی بھی صورت میں کسی کو بھی ریڈزون میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی،آخری اطلاع آنے تک موٹروے پولیس بھی ایک مرتبہ پھر حرکت میں آگئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آج موٹروے کے ذریعے راولپنڈی اسلام آباد تک آنے والے راستوں کو بلاک کئے جانے کی اطلاعات گردش کر رہی ہے،کسی بھی وقت موٹروے کو عوام کیلئے بند کیا جاسکتا ہے۔