ڈیڈ لائن حکومت کو نہیں جمہوریت کو دی گئی، وزیراطلاعات ،ہماری لچک کا ناجائز فائدہ نہ اٹھایا جائے‘ عمران خان کے مطالبات پر کمیشن بنادیا ،انہیں بات چیت کے ذریعے قائل کرنے کی کوشش کریں گے، 35اراکین اسمبلی اور 5ہزارافراد کا مجمع حکومت کا تختہ نہیں الٹ سکتا،نجی ٹی وی سے گفتگو

پیر 18 اگست 2014 09:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18اگست۔2014ء)وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشیدنے کہا ہے کہ عمران خان اور طاہر القادری کی جانب سے دی گئی ڈیڈ لائنیں حکومت کو نہیں جمہوریت کو دی گئی ہیں،آج جمہوری اورغیرجمہوری قوتوں میں فرق واضح ہوگیاہے، اب جمہوری قوتوں کو اپنی حکمت عملی بتانی ہو گی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشیدنے کہا کہ عمران خان کے مطالبات پر کمیشن بنادیا گیا ہے،انہیں بات چیت کے ذریعے قائل کرنے کی کوشش کریں گے،کمیشن بنانے کا مطالبہ کرنے والے ہٹ دھرمی پر اتر آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 35 اراکین اسمبلی اور 5ہزارافراد کا مجمع حکومت کا تختہ نہیں الٹ سکتا۔ وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح مذاکرات سے مسائل کو حل کرنا ہے، عمران خان اور طاہر القادری ہماری لچک کا ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ یہ حملہ حکومت پر نہیں جمہوریت پر کیا گیا۔جمہوری اور غیرجمہوری قوتوں میں فرق واضح ہو گیا ہے۔

ڈیڈلائن جمہوریت کو دی گئی ، حکومت کو نہیں۔ یہ دہشتگردوں سے مذاکرات کیلئے تیار ہو جاتے ہیں ، جمہوریت سے نہیں۔ یہ لوگ دہشت گردوں کی طرح اپنے مطالبات منوانا چاہتے ہیں۔ پاکستان میں ادارے موجود ہیں جہاں پر شکایات کی جا سکتی ہے۔ تحریک انصاف پارلیمنٹ میں موجود ہے وہاں بھی بات کی جا سکتی ہے۔ ۔ طاہر القادری اور عمران خان ملک میں انارکی پھیلانا چاہتے ہیں۔

حکومت صرف مذاکرات سے معاملات کا حل چاہتی ہے۔ایک سوال پر وزیر اطلاعات نے کہا کہ عدالتوں نے عمران خان اور طاہر القادری کے مطالبات کو غیر آئینی قرار دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے احتجاج کا حق تسلیم کرتے ہوئے مارچوں کو آزادانہ راستہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مطالبات منوانے کے لئے طاقت کے استعمال کا اصول قابل قبول نہیں ہے۔