وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کی وزیراعظم نواز شریف سے ملا قا ت ، سیاسی بحران کے حل کیلئے مصالحتی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق، عمرا ن خا ن اور طا ہر القادری سے مذاکرات کے لئے الگ الگ کمیٹیا ں تشکیل ، مذاکرات کے ذریعے ہی مسائل کا حل تلاش کرکے سیاسی بحران کو ختم کیا جائے گا‘نواز شریف

پیر 18 اگست 2014 08:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18اگست۔2014ء) وزیراعظم نواز شریف اور شہباز شریف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں سیاسی بحران کے حل کیلئے مصالحتی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے وزیراعظم نواز شریف کی رہائشگاہ واقع رائیونڈ میں جاکر ملاقات کی اور ملاقات میں سیاسی بحران پر مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ عمران خان اور طاہرالقادری سے مزید چپقلش کی بجائے مسائل کے حل پر اتفاق کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نواز شریف نے فیصلہ کیا ہے کہ عمران خان کیساتھ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق اور پیپلزپارٹی کے اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ سمیت چوہدری نثار علی خان کو مذاکرات میں شامل کیا جا ئے جبکہ گورنر پنجاب چوہدری سرور سمیت ایم کیو ایم کو طاہرالقادری کیساتھ مذاکرات کا ٹاسک دیا گیا۔ اس موقع پر ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ مسائل ہمیشہ مذاکرات سے ہی حل ہوتے ہیں اب مذاکرات کے ذریعے ہی مسائل کا حل تلاش کرکے سیاسی بحران کو ختم کیا جائے گا۔