وفاقی وزیر داخلہ کا ریڈ زون کا دورہ ، ریڈ زون کی اندرونی و بیرونی سیکیورٹی کا تفصیلی معائنہ،سیکیورٹی پر مامور جوانوں سے ملاقات ، آئی جی اسلام آباد کو مارچ کے شرکاء کی سیکیورٹی کو ہر حال میں یقینی بنانے کی ہدایت

اتوار 17 اگست 2014 09:50

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16اگست۔2014ء)وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کا ریڈ زون کا دورہ ، ریڈ زون کی اندرونی و بیرونی سیکیورٹی کا تفصیلی معائنہ کیا اورسیکیورٹی پر مامور جوانوں سے ملاقات کی ،وزیر داخلہ کا آئی جی اسلام آباد کو مارچ کے شرکاء کی سیکیورٹی کو ہر حال میں یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔ ہفتہ کے روز وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے ریڈ زون کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر آئی جی اسلام آباد آفتاب چیمہ اور ایس ایس پی اسلام آباد نے وزیر داخلہ کو ریڈ زون میں کیے گئے سیکیورٹی انتظامات بارے بریفنگ دی۔وزیر داخلہ نے اپنے دورے کے دوران سیکیورٹی پر مامور جوانوں کی خیریت دریافت کی اور ان سے فرداً فرداً ملاقات کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ آپ کندھوں پر اس وقت بہت بڑی ذمہ داری ہے ،دارالحکومت کے شہریوں کی جان و مال کی تحفظ کی ذمہ داری کے لئے حکومت تمام وسائل کو بروئے کار لائے گی اور آپ کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی اور اسلحہ سے لیس کرے گی۔

وزیر داخلہ نے آئی جی اسلام آباد کو مارچ کے شرکاء کی بھی ہر ممکن سیکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی قیمت میں اسلام آباد کے شہریوں اور تحریک انصاف و عوامی تحریک کے مارچ کے شرکاء کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔وزیر داخلہ کو دورے کے موقع پر آئی جی اسلام آباد نے پاکستان عوامی تحریک اور تحریک انصاف کی جلسہ گاہوں بارے سیکیورٹی انتظامات بارے بھی بریفنگ دی جس پر انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔