پوری قوم نے دہشتگردی کو مسترد کردیا ہے وہ دہشتگردوں سے نجات چاہتی ہے ، جنرل راحیل شریف ، قوم اور سکیورٹی فورسز مل کر اس لعنت کا خاتمہ کرینگے، بلوچستان سمیت ملک کے دیگر حصوں میں پائیدار امن کو یقینی بنائینگے ، آرمی چیف کا پی اے ایف بیس سمنگلی اور خالد ایوی ایشن بیس کوئٹہ کا دورہ ، جوانوں سے بات چیت

اتوار 17 اگست 2014 09:33

راولپنڈی، کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16اگست۔2014ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پوری قوم نے دہشتگردی کو مسترد کردیا ہے اور وہ تمام دہشتگردوں سے نجات چاہتی ہے ، قوم اور سکیورٹی فورسز مل کر اس لعنت کا خاتمہ کرینگے اور بلوچستان سمیت ملک کے دیگر حصوں میں پائیدار امن کو یقینی بنائینگے ، آرمی چیف نے ہفتہ کو پی اے ایف بیس سمنگلی اور خالد ایوی ایشن بیس کوئٹہ کا دورہ کیا ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر آرمی ، پی اے ایف ، ایف سی اور پولیس کے جوانوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے ان کے عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور کوئٹہ میں فضائی اور ایوی ایشن اڈوں پر دہشتگردوں کے حملے ناکام بنانے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا دہشتگردوں کے بارے میں اطلاع دینے اور ان کے گرد گھیرا ڈالنے کے لئے مقامی آبادی کے تعاون کو سراہتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کو مسترد کرچکی ہے اور وہ تمام دہشتگردوں سے نجات چاہتی ہے انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قوم اور سکیورٹی فورسز مل کر ہی دہشتگردی کی لعنت کا مکمل خاتمہ اور بلوچستان سمیت ملک بھر میں قیام امن کو یقینی بنا سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

آرمی چیف نے سی ایم ایچ کوئٹہ کا دورہ بھی کیا اور زخمیوں کی عیادت کرتے ہوئے ان کے حوصلے کو بھی سراہا

بعد ازاں آرمی چیف نے وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کے ہمراہ سدرن کمانڈ ہیڈکوارٹر کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل نصیر خان جنجوعہ نے انہیں صوبے میں امن وامان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی ڈاکٹر عبدالمالک نے صوبے میں استحکام اور ترقی کیلئے پاک فوج کے اقدامات کو سراہا ۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران امن وامان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے اور اس کے اچھے اثرات سامنے آرہے ہیں ۔ انہوں نے بلوچستان کی عوام کی طرف سے صوبے کے ترقیاتی منصوبوں میں مدد دینے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ فوج نے اس مقصد کیلئے خصوصی سکیورٹی اقدامات کئے ہیں ۔ جنرل راحیل شریف نے اس عزم کو دوہرایا کے پاک فوج صوبے میں ان کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیت بڑھانے میں بھرپور تعاون جاری رکھے گی جیسا کہ پولیس کو تربیت اور ہتھیار فراہم کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد میں تعمیری کردار ادا کرتی رہے گی تاکہ بلوچستان کے بھائیوں کو ہر ممکن سہولیات دی جاسکیں ۔