ویڈیو قطعی طو رپر جعلی ہے،نجی چینل کو ہرجانے کا نوٹس بھجوا رہے ہیں ، رانامشہود ،اس ویڈیو کو 2012ء میں ایف آئی اے بھی جھوٹا قرار دے چکی ہے ،بیان

جمعہ 15 اگست 2014 09:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15اگست۔2014ء)وزیرقانون رانا مشہود احمد خاں نے ایک نجی چینل پر اپنے حوالے سے چلنے والی خبر کو من گھڑت اور بے بنیاد قرار یتے ہوئے کہاہے کہ نجی چینل کی طرف سے انہیں بدنام کرنے کی کوشش پر وہ ہرجانے کا دعویٰ کریں گے - صوبائی وزیر نے ایک بیان میں کہاکہ فیوچر کنسرن کے عاصم ملک کی اس ویڈیو کو 2012ء میں ایف آئی اے بھی جھوٹا قرار دے چکی ہے -

عاصم ملک بدنام زمانہ فراڈیہ ہے جس کے بارے میں اخبارات بہت سی باتیں لکھ چکے ہیں - عاصم ملک اربوں روپے لوٹ کر بیرون ملک فرار ہوچکا ہے - صوبائی وزیر قانون رانا مشہو داحمد خاں نے کہاکہ یہ ویڈیو قطعی طور پر جعلی ہے اور وہ اس سازش پر چینل اور متعلقہ پروڈیوسر کو ہرجانے کا نوٹس بھجوارہے ہیں - صوبائی وزیر نے کہاکہ مذکورہ چینل انہیں مسلسل بدنام کرنے کی کوشش کرتا رہاہے یوتھ فیسٹیول کے دوران اسی چینل نے گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے بارے میں شبہات پیدا کئے گئے اور بعدازاں متعلقہ ادارے کی تصدیق کے بعد انہیں منہ کی کھانی پڑی۔