سعودی عرب نے پاکستانی،مصری فوج کو اس کی شمالی سرحد پر اسلامک اسٹیٹ کے عسکریت پسندوں کیخلاف تعیناتی بارے خبروں کی تردید کر دی

جمعہ 15 اگست 2014 09:16

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15اگست۔2014ء)سعودی عرب نے ان رپورٹس کی تردید کردی جن کے مطابق پاکستانی اور مصری فوج کو اسکی شمالی سرحد پر اسلامک اسٹیٹ کے عسکریت پسندوں کے خلاف تعینات کیا گیا ہے۔سعودی نیشنل گارڈز کے وزیر پرنس میتاب بن عبداللہ بن عبدالعزیز کے مطابق سعودی عرب کی سیکورٹی فورسز سرحد پار سے ہونے والے کسی بھی دہشت گرد حملے سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے ان رپورٹس کو مسترد کردیاجن میں کہا گیا تھا کہ سعودی عرب اس حوالے سے دوستانہ مسلم ممالک سے مدد لے رہا ہے۔

(جاری ہے)

سعودی پریس ایجنسی نے وزیر کے حوالے سے بتایا کہ یہ بہتر ہوگا کہ وہ (دہشت گرد) سعودی سرحدوں کی جانب نہ بڑھیں اور اگر انہوں نے ایسا کیا تو ان کا بہت نقصان ہوگا۔ایک پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ہمارے مصر اور پاکستان کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں تاہم ان کی فورسز کی سعودی عرب میں موجودگی سے متعلق خبریں درست نہیں۔۔۔ ہم پوری طرح سے اپنی سرزمین کا دفاع کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی فوجی طاقت دو کروڑ ستر لاکھ تک ہوگئی ہے جو کہ اس ملک کی آبادی ہے اور ملک کا ہر شہری ایک فوجی ہے۔

متعلقہ عنوان :