حکومت پنجاب کا طاہرالقادری کے انقلابی مارچ کو بھی محفوظ راستہ دینے کا فیصلہ،حکومت پنجاب کسی کو بھی نہیں روکے گی، طاہر القادری ریڈ زون میں داخل نہیں ہونگے ۔چوہدری محمد سرور ، طاہر القادری سمیت دیگر نے معاہدہ کیاہے کہ وہ ریڈ زون میں داخل نہیں ہونگے، زیرو پوائنٹ پر رک جائینگے، دھرنے کے حوالے سے لاہور ہائی کورٹ نے جو حکم دیا وہ اس پر من وعن سے عمل ہوگا،گورنر پنجاب، گورنر سندھ کا ملکی سیاسی صورتحال اور لاہور اور اسلام آباد میں احتجاج پروفاقی وزیر داخلہ نثار احمد،گورنر پنجاب محمد سرور اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سے ٹیلی فونک رابطہ

جمعہ 15 اگست 2014 09:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15اگست۔2014ء) حکومت پنجاب کا طاہرالقادری کے انقلابی مارچ کو بھی محفوظ راستہ دینے کا فیصلہ کیا ہے ، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کسی کو بھی نہیں روکے گی اور طاہر القادری ریڈ زون میں داخل نہیں ہونگے ۔جمعرات کے روز چوہدری محمد سرور نے کہا کہ طاہر القادری سے بات چیت کیلئے گورنر سندھ عشرت العباد اور الطاف حسین نے بڑے اہم کردارادا کیا ہے اور حکومت پنجاب نے دلیرانہ فیصلہ کیا ہے کہ اب لاہور میں کسی کو بھی نہیں روکا جائے گا اور طاہر القادری سمیت دیگر نے معاہدہ کیاہے کہ وہ ریڈ زون میں داخل نہیں ہونگے اور زیرو پوائنٹ پر رک جائینگے اور دھرنے کے حوالے سے لاہور ہائی کورٹ نے جو حکم دیا وہ اس پر من وعن سے عمل ہوگا انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں کون سی جماعت کتنے دن دھرنا کریگی اس کا فیصلہ انہیں خود کرنا ہے لیکن جمہوریت کے تقاضوں کوبھی ملحوظ رکھا جائے ۔

(جاری ہے)

چوہدری سرور نے کہا کہ ابھی تک تحریک انصاف نے بھی کوئی مطالبہ نہیں کیا تو تحریک انصاف دارالحکومت میں جا کر اپنے مطالبات سامنے رکھے گی لیکن آئین و قانون سے بالاتر کوئی مطالبہ تسلیم نہیں کیا جائے گا ۔ واضح رہے کہ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین سے فون پر رابطہ کیا اور موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

گورنر پنجاب چودھری محمد سرور اور الطاف حسین نے ایک دوسرے کوپاکستان کے یوم آزادی پر مبارکباد پیش کی۔ الطاف حسین نے گورنر پنجاب سے مزید کہا کہ گزشتہ دنوں ڈاکٹر طاہر القادری کی پاکستان آمد پر جو بحران پیدا ہوا تھا اس کو خوش اسلوبی سے حل کرنے میں آپ نے نہایت اہم کردار ادا کیا تھا۔ ایک مرتبہ پھراپنا کردار ادا کریں۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ میں آپ اور آپ کی جماعت کی دل سے عزت کرتا ہوں۔

کیونکہ آپ صحیح معنوں میں مڈل کلاس کی نمائندگی کرتے ہیں اور غریب و متوسط طبقہ کے ترجمان ہیں۔ اس کے علاو ہ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے ملکی سیاسی صورتحال اور لاہور اور اسلام آباد میں احتجاج پروفاقی وزیر داخلہ نثار احمد،گورنر پنجاب محمد سرور اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔ ٹیلی فونک بات چیت میں رہنماوٴں سے ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور حکومت کی جانب سے کئے اقدامات کو سراہا۔ جبکہ تمام معاملات کو احسن طریقے سے سرانجام دینے پر زور دیا ہے