پنجاب حکومت نے پاکستان عوامی تحریک کو مشروط طور پر انقلاب مارچ کی اجازت دے دی، طاہر القادری کی قیادت میں انقلاب مارچ اسلام آباد کی طرف روانہ ،امن و امان کی یقین دہانی پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے انقلاب مارچ کو مشروط اجازت دینے کا فیصلہ کیا

جمعہ 15 اگست 2014 09:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15اگست۔2014ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کی قیادت میں انقلاب مارچ اسلام آباد کی طرف روانہ ہو گیا۔پنجاب حکومت نے پاکستان عوامی تحریک کو مشروط طور پر انقلاب مارچ کی اجازت دے دی۔امن و امان کی یقین دہانی پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے انقلاب مارچ کو مشروط اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس کے دوران انقلاب مارچ کو مشروط اجازت دی گئی ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کسی شخص کو اسلحہ لے کر مارچ میں شریک ہونے اور املاک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔طاہر القادری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اختیارات کو زیادہ سے زیادہ نچلی سطح پر منتقل کریں گے،انقلاب مارچ مظلوم عوام کو حقوق دلائے گا۔

(جاری ہے)

انقلاب مارچ جمہوریت کی بحالی کا نام ہے۔ملک میں انقلاب اللہ کی تائید سے آئے گا‘ روانگی سے قبل پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے انقلاب مارچ کا دس نکاتی ایجنڈا پیش کردیا، انکا کہنا تھا کہ مارچ کے ذریعے سے ملک کو آئینی، قانونی اور جمہوری حق دلائیں گے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے انقلاب مارچ کے لئے دس نکاتی ایجنڈا پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں انقلاب مارچ کا مقصد بیان کرنا چاہتا ہوں، طاہر القادری نے جشن آزادی کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے ایجنڈا کا پہلا نکات یہ ہے کہ انقلاب مکمل طور پر پر امن اور جمہوری ہو گا، یہ وقت ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی کا ہے۔ایجنڈے کے نکات بتاتے ہوئے انھوں نے کہا کہ غربت کا خاتمہ کریں گے، لوگوں کو بنیادی سہولتیں گھرکی دہلیز پر فراہم کی جائیں گی، عوام کو کھانے پینے کی اشیاء آدھی قیمت پر فراہم کی جائیں گی، ہر فرد کو روز گار فراہم کیا جائے گا، بچوں کے لئے فری تعلیم ضروری ہوگی۔

طاہرالقادری نے کہا کہ انتخابی اصلاحات بھی انقلاب مارچ کا حصہ ہے، کسانوں کو ان کے حقوق دیئے جائیں گے، امیر اور غریب میں فرق ختم کرکے تمام افراد کو برابری کی سطح پر حقوق فراہم کئے جائیں گے۔طاہرالقادری نے کہا کہ مارشل لاء کی اجازت نہیں دی جائے گی، ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا جائے گا، نئے صوبے بنائے جائیں گے، گلگت بلتستان کو آئینی حیثیت دیکر صوبہ بنایا جائے گا۔طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ کسی کوکافرکہنے کی اجازت نہیں دیں گے، آئینی ترامیم کرینگے، اقتدار کونچلی سطح تک منتقل کریں گے، ہرشہری کو گھر کے دروازے پرانصاف فراہم کریں گے۔طاہرالقادری نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کریں گے، جبکہ خواتین کے حقوق کو ہر سطح پرتحفظ۔فراہم کیا جائے گا ۔