آزادی و انقلاب مارچ اسلام آباد کیلئے چل پڑے ، نوازشریف سے استعفیٰ لینے اسلام آباد جارہا ہوں احتجاج کرنا ہمارا جمہوری حق ہے‘عمران خان،انقلاب کا مقصد غربت کا مکمل خاتمہ، ملک کے مظلوم ،محکوم اور مجبور عوام کو ان کے جائز حقوق دلوانا ہیں‘ طاہرالقادری

جمعہ 15 اگست 2014 08:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15اگست۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف کا آزادی مارچ لاہور کے زمان پارک سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوگیا،مرکزی قائدین کنٹینر میں سوار ہیں جبکہ کارکنوں کی بڑی تعداد قافلے میں شامل ہے۔آزادی مارچ کی روانگی سے قبل عمران خان سمیت دیگر قائدین کی دعا کی، مرکزی رہنما محمود الرشید نے دعا کرائی۔اس موقع پرعمران خان نے قوم کو آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے پاکستان کو فرنگیوں سے آزاد کرایا تھا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اپنے بچوں کے مستقبل کیلئے آزادی مارچ میں شرکت کریں۔انہوں نے کہا کہ آزادی کوئی پلیٹ میں رکھ کر پیش نہیں کرتا ،آزادی چھیننا پڑتی ہے،اس کیلیے لڑنا پڑتا ہے،گرمی کی فکر نہ کریں ، آپ کیساتھ اسلام آباد پہنچوں گا۔

(جاری ہے)

اس سے قبل زمان پارک میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی زیرصدارت اہم مشاورتی اجلاس ہوا ، جس میں شیخ رشید، تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چودھری اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی، اجلاس میں مارچ کی تیاریاں اورروٹ سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میں وزیراعظم میاں نوازشریف سے استعفیٰ لینے اسلام آباد جارہا ہوں احتجاج کرنا ہمارا جمہوری حق ہے‘ اسمبلی ہال چوک مال روڈ پرآزادی مارچ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے مزیدکہا کہ احتجاج کرنا ہمارا جمہوری حق ہے،قذافی اسٹیڈیم کی طرح اسلام آباد سے بھی جیت کرآؤں گا،انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام سے مینڈیٹ چھینا گیا ہے الیکشن کمیشن کے ارکان استعفیٰ دیں۔

میں نے پاکستان بنانے اسلام آباد جارہاہوں۔عمران خان کاکہنا تھا کہ میں اپنا پیسا ملک سے باہر نہیں رکھوں گا،وزیراعظم سے مخاطب ہوتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میاں صاحب کشکول تب ٹوٹے گا جب آپ خود ٹیکس دیں گے،حکمرانوں کی جائیدادیں ملک سے باہر ہیں۔

دوران خطاب چیئرمین تحریک انصاف نے خدشہ ظاہر کیا اور کہا کہ ہمیں پنجاب پولیس سے نہیں گلو بٹوں سے خطرہ ہے،نئے پاکستان میں گلو بٹوں کی کوئی جگہ نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ ہمارا جمہوری حق ہے‘ نیا پاکستان بنا کر دم لیں گے‘ اسلام آباد جا کر قائد اعظم کا پاکستان بنائیں گے‘ کارکنوں اپنی آزادی حاصل کرنے کیلئے تیار ہو۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ 2013ء کے الیکشن کا میچ فکس ہوا تھا۔ الیکشن کمیشن کے ارکان استعفی دیں۔ پاکستان کی عوام سے ان کا مینڈیٹ چھینا گیا۔ کونسا آئین کہتا ہے دھاندلی کرکے حکومت میں آوٴ۔

تحریک انصاف موروثی سیاست کا خاتمہ کرکے رہے گی۔ عوام سے وعدہ ہے کہ جان دے دوں گا غلام نہیں بننے دوں گا۔ میرے بچے اور رشتہ دار آپ پر مسلط نہیں کئے جائیں گے۔ عمران خان نے حکومت سے گرفتار کارکنوں کی فوری رہائی کا بھی مطالبہ کیا۔ واضع رہے کہ تحریک انصاف کا آزادی مارچ آہستہ آہستہ منزل کی جانب رواں دواں ہے۔ آزادی مارچ کے شرکاء نے زمان پارک سے چیئرنگ کراس کا فاصلہ 6 گھنٹے سے زائد وقت میں طے کیا۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اپنے رفقاء کے ہمراہ ٹرک پر سوار ہیں۔ عمران خان مال روڈ پر لگے درختوں پر سے جامن اتار اتار کر کارکنوں میں تقسیم کرتے رہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ آئین یہ نہیں کہتا کہ دھاندلی کرکے حکومت میں آؤ ،نوازشریف سے استعفیٰ مانگنے اسلام آباد جارہا ہوں،ہم نیاپاکستان بنا کر دم لیں گے،پنجاب پولیس سے خطرہ نہیں شریف خاندان کے گلوبٹوں سے خطرہ ہے،جن کے ساتھ برا ہونے والا ہے ہم سادہ زندگی گزاریں گے،عوام کے پیسوں سے حملوں میں نہیں رہیں گے۔

لاہور میں احتجاجی مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ 2013ء کے انتخابات میں میچ فکس تھا اور پاکستان کے عوام سے مینڈیٹ چھینا گیا دھاندلی سے انتخابات جیتنا آئینی نہیں غیر آئینی ہے،کون سا آئین کہتا ہے کہ دھاندلی کرکے حکومت میں آجاؤ،انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنا ہمارا جمہوری حق ہے تحریک انصاف نیا پاکستان بنائے گی،آج میاں نوازشریف سے استعفیٰ لینے اسلام آباد جارہا ہوں،کارکنو ! اپنی آزادی حاصل کرنے کیلئے تیار رہو۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس ہمارے گرفتار کارکنوں کو چھوڑ دے الیکشن کمیشن والوں سے کہتا ہوں کہ میرے آنے سے پہلے ہی اپنے استعفیٰ دے دیں،ان کا کہنا تھا کہ ہم نیا پاکستان بنانے اسلام آباد جارہے ہیں،میرا پیسہ ملک میں ہے عمران خان کے رشتہ دار اور بیٹے آپ پر مسلط نہیں ہوں گے،ہم شریف خاندان کی بادشاہت ختم کردیں گے،انہوں نے کہا کہ ہمیں پنجاب پولیس سے نہیں شریف خاندان کے گلوبٹوں سے خطرہ ہے ،گلوبٹو سن لو آپ کے ساتھ برا ہونے والا ہے،میں وعدہ کرتا ہوں کہ جان دے دوں گا لیکن عوام کو غلام نہیں بننے دوں گا اور اپنا پیسہ ملک سے باہر نہیں رکھوں گا،ہم سادہ زندگی گزاریں گے،عوام کے پیسوں سے محل میں نہیں رہیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارے بزرگوں نے ملک کو فرنگیوں سے آزاد کروایا اور آج ہم فرعونوں سے ملک کو آزاد کروائیں گے، آزادی کوئی فرعون پلیٹ میں رکھ کر نہیں دیتا، چھیننی پڑتی ہے، آزادی کیلئے جدوجہد کرنا اور لڑنا پڑتا ہے۔

انہوں نے گزشتہ روز سہ پہر بارہ بج کر چالیس منٹ پر زمان پارک میں آزادی مارچ کے قافلے کی روانگی سے قبل کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے آزادی مبارک پیش کی اور قوم سے درخواست کی کہ اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کیلئے آزادی مارچ میں بھرپور شرکت کرینگے۔

اگر کامیاب ہوئے تو پوری دنیا میں ہرے پاسپورٹ کی عزت ہو گی۔ گرمی اور کنٹینرز کی فکر نہ کرو آپ میرے ساتھ اسلام آباد پہنچے گے، ملک کو آزاد کروانے کے بعد آپ اپنے بچوں کو بتائیں گے، آزادی یک بعد نئے پاکستان کا سورج طلوع ہو گا۔ آزادی کی قیادت عمران خان نے خود کی جبکہ ان کے ہمراہ شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین، اعجاز چوہدری، میاں محمود الرشید، شیخ رشید بھی تھے۔

عمران خان کے خطاب سے قبل میاں محمود الرشید نے آزادی مارچ کی کامیابی کیلئے دعا کروائی۔ آزادی مارچ کا آغاز تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی رہائشگاہ زمان پارک سے 12 بج کر 40 منٹ پر ہوا۔ آزادی مارچ کے قافلے میں بزرگوں، مرد و خواتین، بچوں ، نوجوانوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ کارکنوں میں آزادی کا ولولہ دیدنی تھا۔ کارکنوں نے تحریک انصاف کے جھنڈے بینرز اٹھا رکھے تھے۔

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے ماڈل ٹاو ن سے انقلاب مارچ شروع کرنیکا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انقلاب کا مقصد غربت کا مکمل خاتمہ، ملک کے مظلوم ،محکوم اور مجبور عوام کو ان کے جائز حقوق دلوانا ہیں۔ لاہور کے ماڈل ٹاؤن میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ انقلاب اللہ کی تائید اور عوامی جدوجہد سے آئیگا۔

انہوں نے کہا کہ انقلاب مارچ جمہوریت کی بحالی کانام ہے۔ طاہرالقادری نے کہا کہ انقلاب کا مقصد غربت کا مکمل خاتمہ ہے۔ انقلاب کے ذریعے پاکستان کو مغربی ممالک کی طرح پر امن اور جمہوری ملک بنائیں گے۔ طاہر القادری کا کہنا تھا کہ ہمارا انقلاب 10 نکاتی ایجنڈے پر مشتمل ہو گا اور مارچ کے ذریعے سے ملک کو آئینی، قانونی اور جمہوری حق دلائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ انقلاب اللہ کے فضل سے ملک میں صحیح شراکتی جمہوریت کی بحالی لے کر آئے گا۔طاہر القادری نے کہا کہ ہمارے انقلاب کا پہلا نکات یہ ہے کہ یہ انقلاب مکمل طور پر پر امن اور جمہوری ہو گا، اس انقلاب کے ذریعے کروڑوں لوگوں کو غربت سے نجات دلا ئیں ہے، بے گھر افراد کو گھر فراہم کئے جائیں، عوام کو کھانے پینے کی اشیاء آدھی قیمت پر فراہم کی جائیں گی، ہر فرد کو روز گار فراہم کیا جائے گا، بچوں کے لئے تعلیم ضروری اور فری ہوگی، عوام کو گھر کی دہلیز پر انصاف مہیا کیاجائے گا، انتخابی اصلاحات کی جائیں گی، کسانوں کو ان کے حقوق دیئے جائیں گے، امیر اور غریب میں فرق ختم کرکے تمام افراد کو برابری کی سطح پر حقوق فراہم کئے جائیں گے، ہر سطح پر احتساب ہو گا اور کرپشن کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔

طاہرالقادری نے کہا کہ کسی کو بھی مارشل لاء کی اجازت نہیں دی جائے گی، ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا جائے گا، نئے صوبے بنائے جائیں گے، مرکز کے اختیارات کم کر کے ضلعی اور تحصیل کی سطح پر اختیارات دیئے جائیں گے۔ پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کریں گے، کسی کو بھی اقلیتوں پر حملوں کی اجازت دی دیں گے، اقلیتوں کو بھی دوسرے شہریوں کی طرح حقوق دلوائیں گے، پاکستان کو اس طرح کی ریاست بنائیں گے جیسی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے مدینہ میں رکھی تھی، قائد اعظم کے افکار کے مطابق ملک سے ملا ازم کا خاتمہ کریں گے، خواتین کو زندگی کے ہر شعبے میں برابری کی سطح پر حقوق دیئے جائیں گے۔