عمران خان اورطاہرالقادری ایک ہی سازش کے دورخ ہیں ،احسن اقبال ،سکرپٹ کارائٹر نیٹ ورک آف فرینڈ ز آف مشرف ہے ،مشرف کوبچانے کیلئے حکومت پردباوٴڈالاجارہاہے ،یقین ہے فوج مارشل لاء نہیں لگائے گی،نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو

جمعرات 14 اگست 2014 09:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14اگست۔2014ء)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہاہے کہ عمران خان اورطاہرالقادری ایک ہی سازش کے دو رخ ہیں ، سکرپٹ کارائٹر(NOFOM)یعنی نیٹ ورک آف فرینڈزآف مشرف ہے ،مشرف کوبچانے کیلئے حکومت پردباوٴڈالاجارہاہے ،یقین ہے فوج مارشل لاء نہیں لگائے گی ۔ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ وفاقی حکومت نے اسلام آبادکے داخلی اورخارجی راستوں سے کنٹینرزہٹانے کافیصلہ کیاہے ،تاہم ریڈزون میں داخلے کے راستے بندرہیں گے اورریڈزون میں داخلے کی کوئی اجازت نہیں ہوگی ،ہم سیکورٹی پرکوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ،تاہم لوگوں کی مشکلات کاازالہ کیاجائیگااورآمدورفت کے تمام راستے کھولے جائیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ ہائیکورٹ کے فیصلے کی پابندی کرناتحریک انصاف اورہماری ذمہ داری ہے ،یوم آزادی پرقوم کوتقسیم کرنامناسب نہیں ،یہاں پرقوم کومتحدکرناچاہئے تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عمران خان اورطاہرالقادری ایک سکے کے دورخ ہیں دونوں ٹیکنوکریٹ حکومت کے قیام کی بات کررہے ہیں ،یہ دونوں ایک ہی سازش کے دورخ ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ سیکرپٹ Nofomیعنی مشرف کوبچانے کیلئے نیٹ ورک نے لکھاہے جومشرف کوبچاناچاہتاہے ،آج چوہدری برادران شیخ رشیداورجودوسرے لوگ اکٹھے ہیں یہ سب مشرف کے ساتھی ہیں اوریہ تمام اس کھیل کے پتلے ہیں ،اورن لیگ کے خلاف مشر ف کے حامیوں کاٹولہ ہے ۔

انہوں نے کہاکہ حکومت نے عمران خان کی جانب سے چارج شیٹ کے بعدجوڈیشل کمیشن تشکیل کردیاہے سانحہ ماڈل ٹاوٴن کی انکوائری ہورہی ہے ،حکومت نے اس قسم کاکوئی فیصلہ نہیں کیااورنہ ہی کوئی حکم دیاہے ،رپورٹ کے مطابق وہاں فائرنگ کاتبادلہ ہواہے ۔انہوں نے کہاکہ مشرف کوبچانے کیلئے حکومت پردباوٴڈالاجارہاہے ،مکمل یقین ہے کہ فوج مارشل لاء نہیں لگاناچاہتی۔

متعلقہ عنوان :