شریف برادران کی بادشاہت ختم اور عوام کو حقیقی آزادی دلا کر رہیں گے،عمران خان، صورتحال کچھ بھی ہو آج صبح 10 بجے آزادی مارچ کیلئے نکلیں گے،لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے نے ثابت کردیا ہے کہ پنجاب حکومت غیر قانونی کام کررہی ہے ،قانون کے ساتھ کھڑے ہیں حکومت قانون توڑے گی تو ہم قانون توڑ دیں گے، آئی جی پنجاب پولیس سن لیں کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کے اوپر ہاتھ نہیں اٹھانا اور ٹینکرز ہٹاؤ ورنہ کارکنوں کو ہٹانا پڑجائیں گے،اپنی رہائش گاہ پر آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب، نجی ٹی وی سے انٹرویو

جمعرات 14 اگست 2014 08:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14اگست۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے نے ثابت کردیا ہے کہ پنجاب حکومت غیر قانونی کام کررہی ہے قانون کے ساتھ کھڑے ہیں حکومت قانون توڑے گی تو ہم قانون توڑ دیں گے، آئی جی پنجاب پولیس سن لیں کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کے اوپر ہاتھ نہیں اٹھانا اور ٹینکرز ہٹاؤ ورنہ کارکنوں کو ہٹانا پڑجائیں گے، شریف برادران کی بادشاہت ختم اور عوام کو حقیقی آزادی دلا کر رہیں گے، حقیقی جمہوریت، میرٹ، آئین وقانون کی بالادستی کا نظام لائیں گے، عمران خان نے گزشتہ رات گئے اپنی رہائش گاہ زمان پارک میں آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں احتساب کرنے کا وعدہ کرتا ہوں، حکمرانوں کے 200 ارب باہر پڑے ہیں ہم واپس لائیں گے پاکستان کو قائداعظم کاپاکستان بنائیں گے، انہوں نے کہا کہ میاں صاحب آپ کمیشن بنانے کی بات کرتے ہو ، مجھے بتاؤ آج تک کمیشن نے کوئی فیصلہ کیا ہے؟ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر کمیشن بنا جس کے نتیجے میں گلو بٹ رہا ہوگیا۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ میاں صاحب کمیشن تب بنے گا جب آپ استعفیٰ دیں گے جو وزیراعظم دھاندلی میں ملوث ہے وہ پہلے استعفیٰ دے پھر غیر سیاسی، غیر جانبدار حکومت بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جنہوں نے عوام کا مینڈیٹ چوری کیا انہیں سزائیں دلائیں گے، تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ صوبائی وزیر قانون رانا مشہود بے بس وزیر ہے جو شہباز شریف کیلئے ایک آدمی سے رشو ت مانگ رہا ہے۔

انہوں نے پارٹی کارکنوں سے عہد لیا کہ دھرنا دینے کیلئے تیار ہو؟ تیاری کر لو آپ لوگوں کے ساتھ میں خود سڑکوں پر سوؤں گا۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ صورتحال کچھ بھی ہو آج صبح 10 بجے آزادی مارچ کے لئے زمان پارک سے نکلیں گے جبکہ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کے مستقبل کو بہتر بنانے کے لئے مارچ میں بھرپور شرکت کرے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق عمران خان نے اپنے پیغام میں کارکنوں کو کہا کہ چوراور لٹیرے حکمرانوں کے خلاف مثالی جدوجہد کا وقت آن پہنچا ہے، نوجوان نیا پاکستان بنانے کے لئے گھروں سے نکل آئیں۔ انہوں نے کہا کہ کل صورتحال کچھ بھی ہو ہم صبح 10 بجے آزادی مارچ کے لئے زمان پارک سے نکلیں گے جبکہ انہوں نے اس دوران عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کے مستقبل کو بہتر بنانے کے لئے مارچ میں شرکت کرے۔

دوسری جانب عمران خان کی رہائش گاہ پر پارٹی کی سینئر قیادت کا اجلاس ہوا جس میں آزادی مارچ کی تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی جبکہ اجلاس میں جاوید ہاشمی کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ مارچ کے لئے 75 ہزار موٹرسائیکلوں کی رجسٹریشن مکمل کرلی گئی ہے جبکہ پارٹی رہنماوٴں کو رات تک ایک لاکھ موٹرسائیکلوں کا ہدف مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، مارچ کے لئے گاڑیوں کے ایندھن اورخوارک کا ذخیرہ کرلیا گیا جب کہ چھتری،پارٹی پرچم والی شرٹس اور جھنڈے بھی کثیرتعداد میں موجودہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ میرے لئے نہیں اپنی اوراپنے بچوں کی خاطرنکلو،ایسے نظام کوبدلنے کیلئے جس میں بادشاہ کاساتھ دینے والے کوتحفظ اوربولنے والے پرتشددکیاجاتاہے ۔نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ پاکستانی قوم سے کہتاہوں کہ اپنی اوراپنے بچوں کی خاطرنکلواورجونظام چوروں اورڈاکووٴں کوبچاتاہے اورشریف لوگوں کے خلاف کام کرتاہے ،ایسے نظام کے خلاف نکلو۔

انہوں نے کہاکہ گلوبٹ کوچھوڑدیاگیااوربادشاہ سلامت کے ساتھ جوٹھیک ہے وہ جومرضی کرلے لیکن جوشریف آدمی ان کے خلاف کھڑاہواس پریہ ظلم کرتے ہیں اورانہیں گرفتارکرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ہائی کورٹ کے فیصلے سے واضح ہے کہ پرامن احتجاج کرناہماراجمہوری حق ہے ،اس کے بعدحکومت کس طرح کسی پرتشددکریگی۔انہوں نے کہاکہ کنٹینرزنہ ہٹائے تویہ توہین عدالت ہوگی۔