لاہور ہائی کورٹ کے فل بینچ نے آئی جی پنجاب کو تحریک انصاف کے کارکنوں کو آج تک گرفتاری سے روک دیا ،درخواستوں کی سماعت آج دوبارہ ہوگی

بدھ 13 اگست 2014 09:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13اگست۔2014ء) لاہور ہائی کورٹ کے فل بینچ نے آئی جی پنجاب کو تحریک انصاف کے کارکنوں کو آج تک گرفتاری سے روک دیا ۔لاہور ہائی کورٹ کے فل بینچ نے تحریک انصاف کے آزادی مارچ روکنے کیلئے دائر درخواستوں کی سماعت کی کارروائی (آج) صبح دوبارہ کریگا ۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز لاہور ہائی کورٹ کے فل بینچ کے جسٹس خالد محمود خان کی سربراہی میں تین رکنی فل بینچ نے عمران خان کے آزادی مارچ کو روکنے کیلئے دائر درخواستوں کی سماعت کی ۔

(جاری ہے)

جس میں عدالت نے اٹارنی جنرل پاکستان کو ہدایت کی کہ حکومت اور تحریک انصاف مسئلہ حل کرنے کیلئے آپس میں افہام تفہیم کے ذریعے کیا اقدام کرسکتی ہے

جس کے بعد کیس کی سماعت کچھ دیر کیلئے ملتوی ہوئی اور پھر عدالت میں آکر اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ وزیراعظم نواز شریف کا اس حوالے سے موقف کہ حکومت کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں اور امن وامان کیلئے ہر سیاسی جماعت کے ساتھ بات چیت کیلئے تیار ہیں جس پر تحریک انصاف کے وکیل احمد اولین عدالت میں پیش ہوئے اور انہوں نے کہا کہ عدالتی حکم کے تحت انہوں نے کہا عمران خان سے رابطہ کیا لیکن عمران خان سے ان کا رابطہ نہیں ہوسکا لہذا انہیں مہلت دی جائے تاکہ عمران خان کا موقف بھی عدالت میں پیش کیا جاسکے جس پر فل بینچ نے آج بدھ کی صبح نو بجے تک کیس کی کارروائی ملتوی کرتے ہوئے احمد اویس کو ہدایت کی کہ کل وہ عمران خان کا موقف عدالت میں پیش کریں جبکہ عدالت نے پولیس کو بھی آج تک تحریک انصاف کے کسی بھی کارکن کو گرفتار کرنے سے روک دیا ہے ۔