ملک کی سلامتی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے لچک کا مظاہر ہ کرنے کے لئے تیار ہیں ،شہباز شریف ،وزیراعلیٰ شہبازشریف سے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کی ملاقات، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ، معاملات کو گفت و شنید اور افہام و تفہیم سے سلجھانا چاہتے ہیں،جماعت اسلامی کی افہام و تفہیم کی ہرکوشش کو خوش آمدید کہیں گے ،شہبازشریف،طاقت کا استعمال ہمارا آپشن نہیں، امن و جمہوریت کے لئے جس کے پاس کہیں جانے کو تیار ہوں ،وزیراعلیٰ پنجاب ،جماعت اسلامی وسیع تر قومی مقاصد کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی ،ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان میں امن وسلامتی کا ماحول قائم رہے ،سراج الحق

بدھ 13 اگست 2014 09:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13اگست۔2014ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے یہاں ماڈل ٹاؤن میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ملاقات کی ،ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بات چیت ہوئی -جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ بھی ملاقات میں موجود تھے ،وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے جماعت اسلامی کے امیر سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ہم معاملات کو گفت و شنید اور افہام وتفہیم سے سلجھانا چاہتے ہیں -جماعت اسلامی آئین کی بالادستی اور جمہوریت کے استحکام کے لئے قابل قدر کوششیں کر رہی ہے -جماعت اسلامی کی طرف سے کی جانی والی افہام و تفہیم کی ہر کوشش کو خوش آمدید کہیں گے اور ان کی تجاویز پر عمل کریں گے -

انہوں نے کہاکہ امن اور جمہوریت کے لئے آپ جس کے پاس کہیں گے میں جانے کے لئے تیار ہوں -طاقت کا استعمال ہمارا آپشن نہیں -انہوں نے کہاکہ ملک کی سلامتی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے لچک کا مظاہر ہ کرنے کے لئے تیار ہیں ،امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ حالات خراب نہ ہوں اور پاکستان میں امن و سلامتی کا ماحول قائم رہے -انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی وسیع تر قومی مقاصد کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔