وزیراعظم نواز شریف عمران خان کے تمام تحفظات دور کرنے پر تیار ہوگئے ہیں ،پرویز رشید،عمران خان کے پاس پارلیمنٹ میں تیسری بڑی قوت ہے ، طاہرالقادری ملک میں خون خرابہ‘ تشدد اور نفرت کی سیاست کو فروغ دے رہے ہیں‘ انہیں کسی اچھے ماہر نفسیات سے اپنا معائنہ کرانا چاہئے‘ آصف زرداری پاکستان کھپے کا نعرہ نہ لگاتے تو خدانخواستہ پاکستان تقسیم ہوجاتا۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو

بدھ 13 اگست 2014 09:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13اگست۔2014ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف عمران خان کے تمام تحفظات دور کرنے پر تیار ہوگئے ہیں‘ عمران خان کے پاس پارلیمنٹ میں تیسری بڑی قوت ہے جبکہ طاہرالقادری ملک میں خون خرابہ‘ تشدد اور نفرت کی سیاست کو فروغ دے رہے ہیں‘ انہیں کسی اچھے ماہر نفسیات سے اپنا معائنہ کرانا چاہئے‘ آصف زرداری پاکستان کھپے کا نعرہ نہ لگاتے تو خدانخواستہ پاکستان تقسیم ہوجاتا۔

(جاری ہے)

پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ چھلاوے کی طرح اپنے ہی بیانات بدلنا قادری کی فطرت کا حصہ بن گیا ہے۔ بین الاقوامی سطح پر عالمی دباؤ کے بعد انہیں اپنے بیانات کی تردید کرنا پڑی۔ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد پاکستان کے سابق صدر آصف زرداری پاکستان کھپے کا نعرہ نہ لگاتے تو خدانخواستہ پاکستان تقسیم ہوجاتا۔ سیاست میں منافقت اور منفی رنگ کو پھیلاکر طاہرالقادری کو انتشار کی اجازت نہیں دیں گے۔ بے نظیر بھٹو سے تمام سیاسی جماعتوں کو سبق سیکھنا ہوگا۔ انہوں نے کبھی اپنی زندگی میں شریف فیملی یا پنجاب کے چوہدریوں کو ملزمان قرار نہیں دیا۔