آئین کی بالادستی اور پارلیمنٹ کومضبوط کرنے کی قراردادقومی اسمبلی سے متفقہ طور پر منظور، ملک کا دفاع اور ترقی جمہوریت سے منسلک ہے، پارلیمنٹ آئین ، قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کے لئے کام کر رہی ہے اور کرتی رہے گی،قرارداد کا متن،محمود اچکزئی کا بلوچستان میں یوم آزادی پر جمہوریت اور پارلیمنٹ کے حق میں مظاہروں کا اعلان،عمران خان مسائل کے حل کیلئے پارلیمنٹ کا فورم استعمال کریں،شیخ آفتاب

بدھ 13 اگست 2014 08:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13اگست۔2014ء)جمہوری اداروں ، آئین کی بالادستی اور پارلیمنٹ کو مضبوط کرنے کے بارے میں ایک قرارداد قومی اسمبلی میں متفقہ طور پر منظور کی گئی ہے ۔ قرارداد منصوبہ بندی اور ترقی کے وزیر احسن اقبال کی طرف سے پیش کی گئی تھی۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ملک کا دفاع اور ترقی جمہوریت سے منسلک ہے۔ قرارداد میں کہا گیا کہ پارلیمنٹ ، آئین ، قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کے لئے کام کر رہی ہے اور کرتی رہے گی۔

قرارداد میں کہا گیا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان ووٹ کے ذریعے جمہوری انداز میں قائد اعظم محمد علی جناح کے نصب العین کے مطابق معرض وجود میں آیا۔قرارداد میں قوم کو اڑسٹھویں یوم آزادی کے موقع پر مبارکباد پیش کی گئی۔ قبل ازیں قومی اسمبلی میں معمول کی کارروائی معطل کر کے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بحث کا آغاز کیاگیا۔

(جاری ہے)

بحث کا آغاز کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے بلوچستان میں یوم آزادی پر جمہوریت اور پارلیمنٹ کے حق میں مظاہروں کا اعلان کیا اور کہا کہ ان کی جماعت آئین کے تحفظ ، پارلیمنٹ کی بالادستی اور جمہوری نظام کیلئے اپنا کردار اداکرتی رہے گی۔

کہ جو کوئی بھی آئین ، پارلیمنٹ کی بالادستی اور جمہوری نظام پر یقین رکھتا ہے وہ ان کی مکمل حمایت کرے گا۔وزیراعظم نواز شریف نے اپنے تجربے سے سیکھا ہے کہ آئین ، پارلیمنٹ ، قانون کی حکمرانی اور جمہوریت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ہم ان عناصر کے خلاف کھڑے ہوں گے جو آئین کو پامال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

عمران خان اور طاہر القادری اسلام آباد آ کر اپنے مطالبات سے متعلق بات چیت کر یں لیکن انہیں احتجاج اور ریلیوں کے ذریعے جمہوری نظام کو نقصان پہنچانے کی روایت قائم نہیں کرنی چاہئیے۔انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر بلوچستان میں ان کی جماعت اور دوسری جمہوریت نواز جماعتیں آئین کی بالادستی ، پارلیمنٹ اور جمہوریت کے حق میں مظاہرہ کریں گی۔پارلیمانی امور کے وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ ہم جمہوریت کو پٹڑی سے نہیں اترنے دیں گے۔ انہوں نے تحریک انصاف کے چیئرمین پر زور دیا کہ وہ مسائل کے حل کیلئے پارلیمنٹ کا فورم استعمال کریں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے عمران خان کو مل بیٹھ کر مسائل حل کرنے کی پیشکش بھی کی ہے۔