اسحاق ڈار سے امریکی سفیر رچرڈ اولسن کی ملاقات ، ملک کی مجموعی اقتصادی صورتحال اطمینان بخش ہے،وفاقی وزیر خزانہ،مشرف اپنی عینک لگانا بھول گئے تھے جس کے باعث انہوں نے بطور صدر استعفیٰ کے وقت ملکی ذخائر 18 ارب بتائے اور رقم میں ’1 ‘ کا اضافہ کر دیا، اسحاق ڈار ،عالمی مالیاتی فنڈ کے ساتھ مذاکرات ہموار انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں، اُمید ہے نتائج اچھے ہوں گے،خصوصی گفتگو ، وزیر خزانہ جلد دبئی روانہ ہو ں گے، جیفری فرینک سے ملاقات ہو گی،ذرائع

بدھ 13 اگست 2014 08:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13اگست۔2014ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر خزانہ نے امریکی سفیر کو بتایا کہ ملک کی مجموعی اقتصادی صورتحال اطمینان بخش ہے، تمام اقتصادی اشاریئے مثبت رجحانات کو ظاہر کر رہے ہیں۔ اب حکومت گزشتہ ایک سال کے دوران حاصل ہونے والے نتائج کو مزید مستحکم بنانے کے لئے کام کر رہی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نیامریکی سفیر رچرڈ اولسن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کے روز ان سے ملاقات کی ،ملاقات میں جاری اور مستقبل کے توانائی کے منصوبوں کی فنڈنگ کے معا ملے کے علاوہ کاسا 1000 اور دیامیر بھاشا ڈیم کے منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔وفاقی وزیر نے جاری منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پرویز مشرف اپنی عینک لگانا بھول گئے تھے جس کے باعث انہوں نے بطور صدر استعفیٰ کے وقت پاکستان کے ذخائر 18 ارب بتائے اور رقم میں ’1 ‘ کا اضافہ کر دیا، عالمی مالیاتی فنڈ کے ساتھ مذاکرات ہموار انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں، اُمید ہے کہ نتائج اچھے ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق جلد ہی وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار دبئی روانہ ہو جائیں گے جہاں انکی ملاقات جیفری فرینک سے ہو گی ۔

منگل کے روز پارلیمنٹ ہاوس میں خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کے عالمی مالیاتی فنڈ کے ساتھ مذاکرات ہموار انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی غیر موجودگی میں پاکستانی وفد اچھے انداز میں آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کو آگے بڑھا رہا ہے اور اُمید ہے کہ نتائج اچھے ہوں گے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ مذاکرات 15 اگست تک جاری رہیں گے اور اس دوران پاکستان کی معیثت کا اقتصادی جائزہ لیا جا رہا ہے ۔

انہوں نے تصدیق کی کہ وہ 11 اگست کو عالمی مالیاتی فنڈ کے پاکستان کے لئے مشن چیف جیفری فرینک سے ملاقات کریں گے۔ ذرائع کے مطابق جلد ہی وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار دبئی روانہ ہو جائیں گے جہاں انکی ملاقات جیفری فرینک سے ہو گی ۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے سابق صدر پرویز مشرف کے حالیہ بیان کی تردید کی کہ جس میں سابق صدر نے کہا تھاکہ جب انہوں نے استعفیٰ دیا تو پاکستان کے ذخائر 18 ارب ڈالرز تھے جو کہ فی الوقت 4-5 ارب ڈالرز ہیں۔ اس حوالے سے مزید بات کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ سابق صدر اپنی عینک لگانا بھول گئے تھے جس کے باعث انہوں نے رقم میں ’1 ‘ کا اضافہ کر دیا تھا ۔