آصف علی زرداری نے دیگر سیاسی پارٹیوں سے مشاورت اور موجودہ سیاسی تناؤ کو ختم کرنے کے لئے خصوصی کمیٹی قائم کردی ، نوٹیفکیشن جاری

بدھ 13 اگست 2014 08:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13اگست۔2014ء)پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری نے دیگر سیاسی پارٹیوں سے مشاورت اور موجودہ سیاسی تناؤ کو ختم کرنے کے لئے ایک خصوصی کمیٹی قائم کردی ہے۔ اس سلسلے میں شریک چیئرمین کی پولیٹکل سیکریٹری رخسانہ بنگش نے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس کے مطابق اس کمیٹی میں سینیٹر رحمن ملک، میڈم فریال تالپور، سینیٹر مولا بخش چانڈیو اور نثار کھوڑو سندھ سے جبکہ امتیاز صفدر وڑائچ، جاوید وڑائچ اور ندیم افضل چن شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ صوبہ خیبرپختونخواہ سے پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر خانزادہ خان اور سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی جبکہ بلوچستان سے سینیٹر صابر بلوچ اور سینیٹر فتح محمد حسنی شامل ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سینیٹر رحمن ملک کو اس خصوصی کمیٹی کا کنوینر مقرر کیا گیا ہے۔ کمیٹی کو ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر دیگر سیاسی پارٹیوں سے مشاورت کرے اور ایک متفقہ لائحہ عمل ترتیب دے تاکہ بڑھتی ہوئی سیاسی بے چینی کو ختم کیا جا سکے اور اس کے ساتھ اس بات کو بھی یقینی بنایا جا سکے کہ ملک میں جمہوری نظام کو پٹڑی سے کسی قیمت پر بھی نہیں اترنے دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :