تحریک انصاف نے آخر کار اپنی خواہش کا اظہار کر ہی دیا،پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے اقتدار میں آنے کے دعوے شروع کر دیئے، اقتدار میں آکر کنٹینرز مالکان اور آزادی مارچ کے دوران نقصان اٹھانے والوں کا نقصان پورا کیا جائے گا،شیریں مزاری

پیر 11 اگست 2014 04:12

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11اگست۔2014ء)آخر کار تحریک انصاف نے اپنی خواہش کا اظہار کر ہی دیا،پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے اقتدار میں آنے کے دعوے شروع کر دیئے، کہتی ہیں اقتدار میں آکر کنٹینرز مالکان اور آزادی مارچ کے دوران نقصان اٹھانے والوں کا نقصان پورا کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز تحریک انصاف کی کور کمیٹی میں جہاں حکومت کے ساتھ مذاکرات کی بجائے لانگ مارچ کرنے کا حتمی فیصلہ کیا گیا ہے وہیں اس اجلاس نے پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شیریں مزاری کوکچھ ایسا اعتماد دلایا ہے کہ وہ اپنی پارٹی کو اب مرکزی میں اقتدار میں دیکھ رہی ہیں۔

اجلاس کے بعد جہاں تحریک انصا ف کی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شیریں مزاری نے اجلاس سے متعلق صحافیوں کے سوالوں کے جواب دیئے وہیں وہ یہ بھی کہہ گئیں کہ پارٹی کارکنان لانگ مارچ کے لئے تیاری کر کے آئیں، تحریک انصاف برسراقتدار آکر اس مارچ کے دوران نقصان اٹھانے والوں کے نقصانات کا ازالہ کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بھی وعدہ کیا کہ کنٹینرز مالکان کا نقصان شریف برادران کے اپنے ویلفیئر فنڈ سے پورا کیا جائے گا۔

اس پریس کانفرنس کے بعد عوامی حلقوں میں یہ سوال اٹھنا شروع ہو گئے ہیں کہ کیا تحریک انصاف کے مارچ کا مقصد دھاندلی کی تحقیقات کی بجائے حکومت کا خاتمہ ہے ، عوامی حلقے یہ بھی سوال اٹھا رہے ہیں کہ دھاندلی کے خلاف اگر احتجاج ہے تو حکومت کی مذاکراتی پیشکش قبول کیوں نہیں کی جا رہی اور آزادی مارچ کرنے والی تحریک انصاف وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کے استعفے کا مطالبہ کیوں کر رہی ہے۔