حکومت عمران خان سے مذاکرات کرناچاہتی ہے،چوہدری عابد شیر علی،عمران خان جمہوریت کو ڈی ریل کر نے پر تلے ہوئے ہیں مگر پاکستان کے غیور عوام عمران خان اور طاہر القادری کا یہ خواب کبھی بھی پورانہیں ہونے دیں گے یہ وقت پاکستان کو تقسیم کرنے کا نہیں بلکہ یکجا ہوکر دہشت گردوں کے خلاف جنگ لڑنے کا ہے پوری قوم متحد اور پاک فوج کے ساتھ ہے ،نو منتخب عوامی حکومت نے ملکی معیشت کو درست سمت پر ڈال دیا ہے مخالفین ذاتی ایجنڈ ایک طرف رکھ کر قومی ایجنڈے پر بات کریں، وزیر مملکت پا نی وبجلی کا فیسکو ہیڈکوارٹرز فیصل آباد میں آزادی واک اور پرچم کشائی کے بعد خطاب

پیر 11 اگست 2014 03:59

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11اگست۔2014ء )وزیر مملکت پا نی وبجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ حکومت عمران خان سے مذاکرات کرناچاہتی ہے اور اسکا برملا اظہار وزیراعظم نے نیشنل سیکورٹی کونسل کے اجلاس میں تمام ملک کی سیاسی جماعتوں کی موجودگی میں کیا جبکہ عمران خان جمہوریت کو ڈیریل کر نے پر تلے ہوئے ہیں مگر پاکستان کے غیور عوام عمران خان اور طاہر القادری کا یہ خواب کبھی بھی پورانہیں ہونے دیئے گے یہ وقت پاکستان کو تقسیم کرنے کا نہیں بلکہ یکجا ہوکر دہشت گردوں کے خلاف جنگ لڑنے کا ہے پوری قوم متحد اور پاک فوج کے ساتھ ہے ۔

نو منتخب عوامی حکومت نے ملکی معیشت کو درست سمت پر ڈال دیا ہے مخالفین ذاتی ایجنڈ ایک طرف رکھ کر قومی ایجنڈے پر بات کریں ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیسکو ہیڈکوارٹرز فیصل آباد میں جشن آزادی کے سلسلہ میں منعقدہ آزادی واک اور پرچم کشائی کے بعد اپنے خطاب میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان ترقی کی راہ پر چل پڑا ہے۔ سازشی عناصر نہیں چاہتے کہ ملک خوشحالی کی طرف گامزن ہو ۔

انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت نازک دور سے گزر رہا ہے یہ وقت لانگ مارچ ، آزادی مار چ اور دھرنوں کا نہیں بلکہ پوری قوم کو متحد کرنے کا ہے ۔

پاک فوج دہشت گردوں کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے پوری قوم ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ ماہ اگست احتجاج اور دھرنوں کی سیاست چمکانے کا نہیں بلکہ وطن عزیز کے لئے اپنی جانیں قربان کر کے علیحدہ تشخص حاصل کرنے والے شہداء کی قربانیوں کی یاد منانے اور انھیں خراج تحسین پیش کرنے کا مہینہ ہے ۔

عوامی حکومت نے اسی لئے اس سال ماہ اگست کا پورا مہینہ آزادی کی تقریبات منانے کیلئے مختص کیا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کو دعوت دی ہے کہ وہ 14اگست کو مل کر جشن آزادی منائیں ہم سب مل کر پاکستان کا قومی پرچم بلند کریں اور پوری دنیا کو یہ پیغام دیں کہ پوری قوم پرچم کے سائے تلے متحد ہے اور اپنی مسلح افواج کے ساتھ ہے ۔

انھوں نے کہا کہ فیسکو افسران کی جانب سے جشن آزادی کے سلسلے میں نکالی جانے والی واک قابل تحسین ہے یہ اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ ملک کے تمام ادارے پاکستان کی ترقی و یکجہتی کیلئے متحد ہیں ۔ انھوں نے مزید کہا کہ چین کے ساتھ 1500میگاواٹ بجلی کے 10منصوبوں پر کام شروع ہو گیا ہے اس کے علاوہ داسو ڈیم پر بھی تیزی سے کام جاری ہے جبکہ نیلم جہلم سے اگلے سال 950میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کر دی جائے گی۔ ملک میں جاری بجلی کے پیداواری منصوبے کسی مخصوص طبقے کیلئے نہیں بلکہ پور ے پاکستان کی عوام کی خوشحالی کیلئے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم کسی صورت میں بھی جمہوریت کو نقصان نہیں پہنچنے دیں گے اور تمام سازشوں کا ڈٹ کر مقابلے کریں گے۔